مثبت سوچ۔ اُمید کی کرن
تحریر: مدثرہ عباسی
زندگی ایک مسلسل سفر ہے، جس میں خوشیاں بھی ہیں اور غم بھی۔ مشکلات اور چیلنجز ہر انسان کے نصیب میں ہوتے ہیں، لیکن ان کا سامنا کرنے کا انداز انسان کی کامیابی اور ناکامی کو متعین کرتا ہے۔ ایسے میں مثبت سوچ ایک ایسی روشنی ہے جو اندھیرے میں امید کی کرن بن کر دل کو روشن کرتی ہے۔
اللہ تعالی قرآن پاک میں فرماتا ہے:
اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو، اللہ سب گناہ بخش دیتا ہے ۔ وہ بخشنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے (سورہ الزمر، آیت 54)
(تفسیر صغیر از حضرت مرزا بشیر الدین محمود احمد)
یہ پیغام ہمیں سکھاتا ہے کہ چاہے حالات کتنے ہی کٹھن کیوں نہ ہوں، ہمیں اللہ تعالیٰ کی رحمت سے پرامید رہنا چاہیے اور اپنی کوشش جاری رکھنی چاہییے۔
مثبت سوچ کا مطلب یہ نہیں کہ ہم حقیقت سے نظریں چُرا لیں یا دکھوں کو نظرانداز کریں، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم ہر صورتحال میں بہتر پہلو تلاش کریں، ہر اندھیرے میں روشنی کی تلاش کریں، اور ہر ناکامی کو کامیابی کا راستہ بنانے کی کوشش کریں۔
ایک مشہور قول ہے:
مثبت سوچ رکھنے والے لوگ ہر مسئلے میں موقع دیکھتے ہیں، جبکہ منفی سوچ رکھنے والے ہر موقع میں مسئلہ تلاش کرتے ہیں۔
سر علامہ اقبال کا شعر ہے:
ملت کے ساتھ رابطہ استوار رکھ
پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ
مثبت سوچ انسان کو حوصلہ دیتی ہے۔ جب انسان یہ یقین رکھتا ہے کہ حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، وہ انہیں بدل سکتا ہے، تو اس کے اندر ایک نیا ولولہ جنم لیتا ہے۔ یہ یقین اور امید ہی اسے کامیابی کی طرف لے جاتی ہے۔
مثبت سوچ صرف فرد تک محدود نہیں رہتی، بلکہ یہ معاشرے میں خوشحالی اور ہم آہنگی کا ذریعہ بھی بنتی ہے۔ اگر ہر فرد خود کو بہتر بنانے اور دوسروں کے لیے خیر کا سوچے، تو پورا معاشرہ امن، ترقی اور خوشیوں کا گہوارہ بن سکتا ہے۔
امید – ایک زندہ دل کا سرمایہ
امید وہ طاقت ہے جو ٹوٹے دلوں کو جوڑتی ہے، ہارے ہوئے انسان کو جینے کا حوصلہ دیتی ہے، اور ناممکن کو ممکن بنانے کی راہ ہموار کرتی ہے۔ جو لوگ امید کا دامن تھامے رکھتے ہیں، وہ کبھی تنہا نہیں ہوتے، کیونکہ ان کا دل ایک روشن صبح کا منتظر ہوتا ہے۔
مثبت سوچ اور امید ایک ایسا نور ہے جو دلوں میں زندگی کی نئی رمق پیدا کرتا ہے۔ اگر ہم اپنے خیالات، رویوں، اور الفاظ کو مثبت رکھیں، تو نہ صرف ہماری اپنی زندگی بہتر ہو جائے گی بلکہ ہم دوسروں کی زندگیوں میں بھی خوشی اور روشنی لا سکتے ہیں۔
آیئے، ہم سب مل کر اس دنیا کو بہتر بنانے کے لیے مثبت سوچ کو اپنائیں اور امید کی کرن بن کر دوسروں کے لیے روشنی کا ذریعہ بنیں۔
نوٹ: یہ تحریر مضمون نگار کے اپنے خیالات اور رائے پر مبنی ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔


