بچے کی عمدہ تعلیم و تربیت ماں کی ذمہ داری ہے
تحریر: رفیقہ
ماں کی گود بچے کا پہلا مدرسہ ہے۔ یہیں سے ایک بچے کی تعلیم و تربیت کی ابتداء ہوتی ہے۔ بچے کی ذات ایک کورے کاغذ کی مانند ہوتی ہے۔ اس پر وہی نظر آئےگا جو اس پر تحریر کیا جائےگا۔ ایک بار میں نے کہیں پڑھا تھا، ’’تمہاری اولاد وہ نہیں سیکھے گی جو تم کہتے ہو! بلکہ تمہاری اولاد وہ کریگی جو تم کرتے ہو!‘‘ اس کے پابند بن جائیں
انسان کا سب سے قیمتی ورثہ ’اولاد‘ہے۔ اولاد متاع حیات ہوتی ہے اور نیک اولاد صدقہ جاریہ! اولاد اللہ سبحانہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کی گئی ایک بیش بہا نعمت ہے۔ اس نعمت کی پرورش کرنا اور عمدہ تعلیم و تربیت کرنا والدین کا فرضِ اولین ہے۔ ان کو دینی و شرعی علوم سے اس طرح مزین کرنا کہ وہ سچے اور صالح مسلمان بن سکیں، اعلیٰ عادات و اخلاق اور بہترین کردار کے مالک ہوں، جذبۂ حب الوطنی سے سرشار ہوں، ملک اور قوم و ملت کے وفادار شہری بن سکیں۔ اپنے بچوں کو ہم نے دینی اور عصری دونوں طرح کے علوم و فنون سے نوازنا ہے۔ ان مقاصد کے حصول کے لئے والدین کو اپنا وجود صد فی صد وقف کر دینا چاہئے۔
ماں کی گود بچے کا پہلا مدرسہ ہے۔ یہیں سے ایک بچے کی تعلیم و تربیت کی ابتداء ہوتی ہے۔ بچے کی ذات ایک کورے کاغذ کی مانند ہوتی ہے۔ اس پر وہی نظر آئےگا جو اس پر تحریر کیا جائےگا۔ والدین کے بعد اساتذہ اور بچے کے دوست اس کی شخصیت پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ بچے اپنے آپ کو انہی لوگوں کے قریب محسوس کرتے ہیں جو لوگ ان کے لئے شفیق ہوتے ہیں، گہرے انس کا اظہار کرتے ہیں۔
بھاگ دوڑ والی زندگی کی اس صورتحال میں بچوں کی سرپرستی ایک دشوار کن مرحلہ بن گئی ہے۔ میں والدین کے لئے چند مفید مشورے:
اپنے بچوں کے جذبات کا احترام کریں: اپنے بچوں کی بات خاموشی سے اور بغور سنیں۔ اُن کا ہر میدان میں تعاون کرنے کے لئے ہمیں بچوں کے جذبات کو سمجھنا ہوگا۔ وہ جس طرح کی صورتحال سے نبرد آزما ہے اسی طرح کا طرزِ عمل ظاہر کرنا ہوگا۔ مثلاً اگر ایک بچہ خوش ہے تو اس کے سامنے خوشی کا اظہار کیجئے۔ اگر وہ پریشان ہے تو اس کی پریشانی کا سبب معلوم کیجئے اور اپنے تجربات کی روشنی میں اس کی صحیح رہنمائی کیجئے۔ اسے حوصلہ دیجئے۔ اولاد کے درمیان عدل و انصاف کا معاملہ رواں رکھنا چاہئے۔
بچوں کی پزیرائی کیجئے: بات بات پر ڈانٹ ڈپٹ، مار دھاڑ کرنے سے بچے کی شخصيت مسخ ہو جاتی ہے۔ بچے تعریف یا سراہا جانا بہت پسند کرتے ہیں۔ کسی اچھی کارکردگی پر ان کی بھرپور انداز میں پزیرائی کی جانی چاہئے۔ ان کی یہ تعریف نہ صرف اُنہیں خوشی دےگی بلکہ آپ کی بات بھی وہ بغور سنیں گے اور بہتر طور پر سوچنے کی صلاحیت ان میں بیدار ہوگی۔
حد سے زیادہ توقعات وابستہ نہ کریں: ہر بچے کی اپنی ایک ذہنی استعداد ہوتی ہے۔ والدین نے اپنے بچوں سے بے جا امیدیں وابستہ نہیں کرنی چاہئے اور نہ ہی اپنے بچے کے سامنے اس کا موازنہ کسی اور بچے سے کرنا چاہئے۔ ہر بچہ فرسٹ نہیں آسکتا!
بچوں کے متعلق جانیں: والدین کو چاہئے کہ ہفتہ یا پندرہ دنوں میں کم سے کم ایک بار اسکول جا کر اپنے بچے کی کارکردگی کے بارے میں جاننے کی کوشش کریں تاکہ اگر کوئی کمی بیشی ہو تو بر وقت آگہی ہو سکے اور تدارک ممکن ہو۔ بچے کے دوست اور ہمجولیوں کے بارے میں آگاہ رہیں کیونکہ صحبت کا اثر کافی گہرا ہوتا ہے۔
اپنے بچوں کو ٹائم دیجئے: روزانہ کچھ وقت نکال کر اپنے بچوں سے اچھی اچھی باتیں ضرور کریں، آپس میں تبادلہ خیال کریں تاکہ باہمی اعتماد پروان چڑھ سکے۔ اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو بیٹھ کر باہمی افہام و تفہیم سے مسئلے کا حل نکالنا چاہئے۔ بچوں پر اپنی پسند نا پسند تھو پنے کے بجائے اسکے ذوق و صلاحیت کے مطابق اپنی پسند کو اختیار کرنے کا بھر پور موقع فراہم کرنا چاہئے۔ اس طرح ان میں اپنے لئے بہتر فیصلہ کرنے کی صلاحیت پروان چڑھے گی۔
موبائل فون کی نگرانی کریں: ٹی وی پر وہ کیا دیکھ رہے ہیں؟ جو دیکھ رہے ہیں کیا وہ اُنکے حق میں مفید ہے؟ اس بات پر دھیان دینا ضروری ہے۔ موبائل فون و ٹیبلٹ میں کس قسم کے گیمز ڈاؤن لوڈ کئے ہوئے ہیں اس پر کڑی نظر رکھیں۔ کئی گیمز ایسے ہوتے ہیں جن کی وجہ سے بچے تشدد پسند بن جاتے ہیں۔
عملی نمونہ پیش کیجئے:بچے والدین کی باتوں سے زیادہ انکے کردار اور عمل سے سیکھتے ہیں۔ ایک بار میں نے کہیں پڑھا تھا، ’’تمہاری اولاد وہ نہیں سیکھے گی جو تم کہتے ہو! بلکہ تمہاری اولاد وہ کریگی جو تم کرتے ہو!‘‘
والدین عملی نمونہ بننے کی کوشش کرنی چاہئے۔ مثلاً یہ نہ کہا جائے کہ ’’نماز پڑھو…. نماز پڑھو…..‘‘ بلکہ اس طرح سے کہا جائے کہ، ’’چلو ہم مل کر نماز پڑھتے ہیں۔‘‘ یہ طریقہ بچے کی تربیت پر گہرا اثر مرتب کرتا ہے۔ بچوں سے کئے ہوئے وعدے ہمیشہ پورے کرنے چاہئے۔ سچ بولنے کی تلقین کرتے رہنا چاہئے۔
سیدنا ابو ہریرہؓ سے روایت ہے، رسولؐ نے فرمایا: جب انسان مر جاتا ہے تو اس کے عمل کا سلسلہ ختم ہو جاتا ہے، سوائے تین چیزوں کے (کہ اس کا فیض اسےپہنچتا رہتا ہے۔ ایک صدقے جاریہ، یا وہ علم جس سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہو، یا نیک اولاد جو اس کے لئے دعا کرے۔ ( صحیح مسلم)
اللہ ہمارے بچوں کو نیک و صالح بنائے، ہماری آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے (آمین)۔
نوٹ: یہ تحریر مضمون نگار کے اپنے خیالات اور رائے پر مبنی ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔


