کچن کی دنیا (رمضان کے حوالے سے)
کھجور بادام شیک
اجزاء:
کھجور: سات یا آٹھ عدد،بادام: چودہ یاپندرہ عدد،دودھ: ایک گلاس (ٹھنڈا)۔
ترکیب:
ایک کٹوری میں کھجور رکھ لیں اور ان کی گٹھلی نکال لیں۔ اس کے بعد اس میں ایک کپ نیم گرم پانی ڈال کر تقریباً آدھا گھنٹے کے لئے بھگو دیں۔ آپ سادہ پانی میں رات بھر بھی بھگو کر رکھ سکتے ہیں۔ اسی طرح بادام بھی ایک کٹوری میں بھگو کر رکھ دیں۔نصف گھنٹے بعد بادام کے چھلکے چھیل کر الگ کر دیں ساتھ ہی ایک گلاس ٹھنڈا دودھ ڈال کر سب کو بلینڈ کر لیں۔ ٹھنڈا دودھ نہ ہو تو برف کے ٹکڑے مکسر گرائنڈر میں ڈا ل سکتے ہیں۔ لیجئے آپ کا کھجور بادام شیک تیار ہو گیا۔ اس کو سرو کریں اور اس کو مزید ذائقے دار بنانے کے لئے اوپر سے ڈرائی فروٹس ڈال دیں۔
چیز پکوڑے
اجزاء :
کاٹیج چیز۔ ایک کپ،بیسن۔ ایک پیالی،انڈہ۔ ایک عدد،چکن کیوب۔ ایک عدد،لال مرچ۔ چار عدد (باریک کٹی ہوئی )،ہری مرچ۔ چھ عدد،ہرا دھنیا۔ حسب ضرورت،میٹھا سوڈا۔ ایک چٹکی،دہی۔ ایک چائے کا چمچ،سفید زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ،تیل۔ حسبِ ضرورت،نمک۔ حسبِ ذائقہ۔
ترکیب:
ایک پیالے میں بیسن، انڈہ ، دہی، میٹھا سوڈا، ہرا دھنیا، ہری مرچ، لال مرچ، سفید زیرہ، چکن کیوب اور نمک ڈال کر نیم گرم پانی کے ساتھ اچھی طرح ملائیں۔ اب اس میں کاٹیج چیز شامل کردیں۔ پھر کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس آمیزے کے پکوڑے تل لیں۔ جب پکوڑے گولڈن برائون ہو جائیں تو نکال کر ٹشو پیپر پر رکھ دیں تاکہ چکنائی جذب ہو جائے۔ چیز سے بنے گرم گرم پکوڑے املی کی چٹنی اور کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔
افغانی لچھے دار پراٹھے
اجزاء:
آٹا،گھی یا تیل،نمک،پانی۔
ترکیب :
آٹے میں نمک شامل کرکے پانی سے پراٹھوں کے لئے گوندھ لیں۔ سات روٹیاں بیل کر بیچ میں گھی یا تیل کی تہہ لگا کر ایک کے اوپر ایک رکھ کر تمام روٹیوں کو ایک ساتھ رول کرلیں۔ (بچوں کے لئے گھی یا تیل کی جگہ مکھن کی تہہ بھی لگائی جا سکتی ہے) پھر سات روٹیوں اور گھی کے اس رول کو چھری کی مدد سے سات حصوں میں کاٹ لیں۔ ایک حصہ ایک پیڑھے کے برابر ہو۔ (یہ تمام کام رات کو کر کے رکھ لیں)۔ سحری میں ہر حصے کو الگ الگ بیل کرایک ایک پراٹھا بنا لیں۔ لیجیے مزیدار گرما گرم افغانی لچھے دار پراٹھے تیار ہیں۔ سحری میں سالن یا میٹھی دہی کے ساتھ نوش کریں ۔
کھٹی میٹھی چنا چاٹ
اجزاء:
سفید چنے دو پیالی، نمک حسب ذائقہ، پسا ہوا لہسن ایک چائے کا چمچ، آلو دو عدد، پاپڑی حسب ضرورت۔ املی کا پیسٹ آدھی پیالی، برائون شوگر ایک کھانے کا چمچ، کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ، ہری مرچیں چار سے چھ عدد، ہرا دھنیا دو سے تین کھانے کے چمچ، کوکنگ آئل دو کھانے کے چمچ۔
ترکیب:
چنے اور آلوئوں کو الگ الگ اُبال کر گلا لیں۔ زیرہ بھون کر کوٹ لیں اور اسے املی کے پیسٹ میں برائون شوگر کے ساتھ ملا کر رکھ لیں۔پین میں کوکنگ آئل کو گرم کریں اور اس میں لہسن ڈال کر ہلکا سا فرائی کریں۔ پھر اس میں املی والا مکسچر ، نمک اور لال مرچ ڈال کر بھونیں، خوشبو آنے پر اس میں ابلے ہوئے چنے ڈال کر اچھی طرح ملا کر چولہے سے اتار لیں۔
چنے کی دال کے پکوڑے
اجزاء :
چنے کی دال۔ ایک پاؤ،پسی ہوئی، لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ،پسا ہوا زیرہ۔ دو چائے کے چمچ،پیاز (باریک کٹی ہوئی)۔ ایک پائو،نمک۔ حسب ذائقہ،ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ،کھانے کا سوڈا۔ آدھا چائے کا چمچ،ہری مرچیں۔ آٹھ عدد،ہرا دھنیا۔ حسب ضرورت،تیل۔ تلنے کے لیے۔
ترکیب:
چنے کی دال کو پانی میں بھگو دیں۔ جب پکوڑے بنانے ہوں تو پانی نکال کر دال کو اچھی طرح پیس لیں۔ اب اس میں نمک، پسی ہوئی سرخ مرچ، ہلدی، پسا ہوا زیرہ، کھانے کا سوڈا، پیاز، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں شامل کر کے اچھی طرح ملالیں۔ اس کے بعد تیل گرم کر کے دال کا آمیزہ تھوڑی تھوڑی مقدار میں پکوڑے کی شکل میں کڑاھی میں ڈالیں اور اچھی طرح تل لیں۔
انڈوں کا سالن
اجزاء :
انڈے 6عدد، گوشت ایک کلو، گھی 350 گرام، مرچ، لونگ، دارچینی، زیرہ، الائچی 10،10 گرام، ادرک، نمک، دھنیا، ہلدی 25 ،25 گرام، دہی 250 گرام، زعفران 5 گرام، لیموں چار عدد، مرچ سرخ چائے کا ایک چمچ ،پیاز 100 گرام۔
ترکیب :
پہلے گوشت کا قورمہ تیار کیجیے پھر ہلدی پیس کر پائوبھر گھی میں تلیں اور اس رنگین گھی کو پسا لیجیے۔ پھر انڈوں کو ابال کر اس زرد گھی میں تلیے۔ جب پانی سوکھ جائے تو اس وقت گرم مصالحہ اور تلی ہوئی پیاز اور زعفران ڈالیے اور لیموں نچوڑ دیجیے۔
(منقول)


