سبزہلالی پرچم ہماری پہچان،ہمارافخر
تحریر: شمائلہ اعظم خان
” میں بھی پاکستان ہوں، تو بھی پاکستان ہے
یہ سبز ہلالی پرچم ہمارا فخر، ہماری پہچان ہے۔
ہمارا سبز ہلالی پرچم محض ایک جھنڈا نہیں، بلکہ ایک نظریہ، ایک جذبہ اور ان قربانیوں کی علامت ہے جن پر پاکستان کی بنیاد رکھی گئی۔ یہ ہماری آزادی، وحدت، اور خودی کی پہچان ہے۔ جب یہ فضا میں لہراتا ہے تو دلوں میں جوش، آنکھوں میں چمک اور روح میں ولولہ پیدا ہوتا ہے۔اس پرچم کا سبز رنگ اسلام، امن، اور امید کا پیغام دیتا ہے، جب کہ سفید پٹی اقلیتوں کے احترام کی نمائندہ ہے۔ چاند ترقی اور ستارہ علم و رہنمائی کی علامت ہے۔ یہ پرچم مذہبی، سماجی اور قومی وحدت کا ایک مکمل پیغام ہے۔
دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ہلکے سبز میں سرخ رنگ شامل کرنے سے گہرا سبز بنتا ہے، جیسے قربانی کا سرخ لہو اس پرچم کی رنگت میں گھل کر اسے مقدس بناتا ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کا قیام محض زمین کا ٹکڑا حاصل کرنے کے لیے نہیں، بلکہ ایک نظریے — اسلامی اقدار، عدل و مساوات — کے تحت ہوا تھا۔
11 اگست 1947 کو، قیامِ پاکستان سے تین دن قبل، سید امیرالدین قدوانی نے قائداعظم محمد علی جناح کو پیش کیا، اور ماسٹر الطاف حسین نے اسے ڈیزائن کیا۔ دستور ساز اسمبلی نے اس کی منظوری دی۔
یہ پرچم ہماری استقامت اور غیرت کا مظہر ہے۔ اس میں شہداء کی قربانیوں، ہجرت کے دکھ، اور عزت کے ہر لمحے کی کہانی چھپی ہے۔ وطن کے لیے جان دینے والوں کی آخری چادر بھی یہی پرچم ہوتا ہے۔ ہر بار جب یہ پرچم لہراتا ہے، تو قربانی دینے والے ماؤں، بہنوں اور بزرگوں کی یاد تازہ ہو جاتی ہے۔یہی پرچم تمام قومیتوں — بلوچ، پنجابی، سندھی، پشتون، مہاجر — کو ایک لڑی میں پروتا ہے۔ یہ ہماری قومی یکجہتی کا نشان ہے، جو دشمن کی ہر سازش کو ناکام بناتا ہے۔ جب ہم اس کے سائے تلے کھڑے ہوتے ہیں تو دنیا کو پیغام جاتا ہے کہ پاکستان ایک زندہ، متحد، اور باوقار قوم ہے۔
عبد الستار ایدھی نے ایک بار خود پرچم زمین پر گرا ہوا دیکھ کر اُسے عزت سے اٹھا کر صاف کیا اور کہا:
” یہ صرف کپڑا نہیں، میری ماں جیسا ہے۔ اسے زمین پر نہیں رہنے دوں گا۔”
پرچم کا احترام وہ لوگ بھی کرتے ہیں جو خدمت، قربانی اور سچائی کی علامت ہوتے ہیں۔ 2022 کے سیلاب کے دوران جب ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے۔ ایک کمسن بچہ، جس کا گھر پانی میں بہہ گیا تھا، مٹی میں کھڑے ہو کر ٹوٹے بانس پر سبز ہلالی پرچم لہرا رہا تھا۔ کسی نے پوچھا: “بیٹا یہ کیوں لگا رہے ہو؟”
بچے نے کہا:
” سب کچھ چلا گیا، پرچم ہے تو امید ہے۔ یہ میری پہچان ہے!”
ہمارا یہ سبز ہلالی پرچم سیاچن کی برف میں لہراتا رہا۔یہی پرچم تھا جو کارگل کے پتھروں پر بھی شان سے کھڑا رہااور یہی پرچم تھا جو دشمن کے دلوں میں خوف بن کر چھا گیا۔
جگمگ جگمگ روشن روشن اس کا چاند ستارا
سبز ہلالی پرچم ہم کو اپنی جان سے پیارا
7 مئی کی جنگ صرف میدانِ جنگ کی فتح نہیں تھی، بلکہ یہ ایک ایسا لمحہ تھا جب پاکستان کا سبز ہلالی پرچم پوری دنیا میں سربلند ہوا تو وہ لمحہ تاریخ کے ماتھے کا جھومر بن گیا۔ دنیا بھر کے میڈیا نے اس جنگ میں ہمارے پرچم کی عظمت کے گیت گائے۔ سوشل میڈیا پر سبز ہلالی پرچم کی تصویریں، ویڈیوز اور نعرے پوری دنیا میں گونجتے رہے۔ دنیا نے دیکھ لیا کہ یہ پرچم صرف ایک قوم کا جھنڈا نہیں، بلکہ یہ ایک نظریہ، ایک غیرت، ایک پہچان ہے۔ ہمارے محمد حسین جیسے سپاہی شہید ہو کر بھی اپنے پرچم کو سرنگوں نہیں ہونے دیتے۔اسی لئے یہ پرچم شہیدوں کے لہو سے رنگین، قوم کی محبت سے روشن، اور ایمان کی روشنی سے چمکتا ہے۔ 7 مئی 2025 کی جنگ نے ثابت کر دیا کہ
” میرا پرچم، میرا فخر ہے، اور اب یہ پوری دنیا پر چھا چکا ہے!”
بین الاقوامی مقابلوں، سفارتی محاذوں یا عالمی فورمز پر جب یہ پرچم بلند ہوتا ہے تو یہ ہمارے ہنر، علم، اور عزم کا اعلان بن جاتا ہے۔ کھلاڑیوں اور نمائندوں کے سینے پر یہ محض ایک نشان نہیں بلکہ قوم کی خودداری کا پرتو اور وطن کا وقار بلند رکھنے کی ایک ذمہ داری ہے۔
اگست کا مہینہ آتے ہی پورے ملک میں حب الوطنی کی فضا قائم ہو جاتی ہے۔ جھنڈیاں، بیجز، نغمے اور سبز رنگ کا سیلاب بازاروں میں نظر آتا ہے۔ بچے، نوجوان، بزرگ — سب جذبے سے سرشار ہوتے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے: کیا پرچم لگانا، نغمے گانا اور جھنڈیاں لہرانا ہی کافی ہے؟
یقیناً نہیں! یومِ آزادی صرف جشن کا دن نہیں، بلکہ ایک یاد دہانی ہے کہ ہمیں اس آزادی کی حفاظت کرنی ہے، اور اس پرچم کو صرف ظاہری طور پر نہیں بلکہ دل سے اپنانا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ 14 اگست کو ادب سے پرچم بلند کریں اور شام کو عزت سے اتاریں۔ زمین پر بکھری جھنڈیاں ہماری غفلت کا منہ بولتا ثبوت نہ بنیں۔ ہمارا پرچم اسی قیادت، اتحاد، اور استقامت کی علامت ہے۔ہمیں ایسے کرداروں کو فروغ دینا ہوگا جو اس پرچم کی عظمت کو بڑھائیں ۔ اگر ہم اپنے عمل سے اپنے پرچم کی عزت نہ کر سکے تو ہماری محبت صرف دعویٰ بن کر رہ جائے گی۔ہمارا ملک تو بنا ہی لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللّٰهِ کی بنیاد پر ہے تو یہ جھنڈا ہمارے وطن کی شناحت اور ہمارے لیے قابل فخر تو ہے ہی مگر اس سے بڑھ کر اس جهنڈے کی شناخت یہ کلمہ ہے اور اس کے تقدس کا خیال رکھنا ہم سب پر فرض ہے۔ ویسے بھی یہ پرچم تمام پرچموں میں عظیم پرچم ہے فضا کا حسن ہے دلوں کا سکون ہے۔
”یہ پرچم نہیں تو ہم بھی نہیں“
یہ صرف نعرہ نہیں، ایک حقیقت ہے:
آئیے! اس یومِ آزادی پر یہ عہد کریں:
” ہم اس پرچم کو کبھی بھی اپنے کردار، عمل اور اپنی سوچ سے سرنگوں نہیں ہونے دیں گے“
پاکستان زندہ باد!
سبز ہلالی پرچم پائندہ باد!
نوٹ: یہ تحریر مضمون نگار کے اپنے خیالات اور رائے پر مبنی ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔


