درس القرآن

درس القرآن

 

يٰٓاَيُّهَا النَّبِيُّ لِمَ تُحَرِّمُ مَآ اَحَلَّ اللّٰهُ لَكَ١ۚ تَبْتَغِيْ مَرْضَاتَ اَزْوَاجِكَ وَ اللّٰهُ غَفُوْرٌ رَّحِيْمٌ؁۲قَدْ فَرَضَ اللّٰهُ لَكُمْ تَحِلَّةَ اَيْمَانِكُمْ١ۚ وَ اللّٰهُ مَوْلٰیكُمْ١ۚ وَ هُوَ الْعَلِيْمُ الْحَكِيْمُ؁۳وَ اِذْ اَسَرَّ النَّبِيُّ اِلٰی بَعْضِ اَزْوَاجِهٖ حَدِيْثًا١ۚ فَلَمَّا نَبَّاَتْ بِهٖ وَ اَظْهَرَهُ اللّٰهُ عَلَيْهِ عَرَّفَ بَعْضَهٗ وَ اَعْرَضَ عَنْۢ بَعْضٍ١ۚ فَلَمَّا نَبَّاَهَا بِهٖ قَالَتْ مَنْ اَنْۢبَاَكَ هٰذَا قَالَ نَبَّاَنِيَ الْعَلِيْمُ الْخَبِيْرُ؁۴ اِنْ تَتُوْبَآ اِلَی اللّٰهِ فَقَدْ صَغَتْ قُلُوْبُكُمَا١ۚ وَ اِنْ تَظَاهَرَا عَلَيْهِ فَاِنَّ اللّٰهَ هُوَ مَوْلٰیهُ وَ جِبْرِيْلُ وَ صَالِحُ الْمُؤْمِنِيْنَ١ۚ وَ الْمَلٰٓیِٕكَةُ بَعْدَ ذٰلِكَ ظَهِيْرٌ؁۵ (سورة التحریم آیت2 تا 5)

ترجمہ:

اے نبی! تو اس (چیز) کو کیوں[1] حرام کرتا ہے جس کو اللہ نے تیرے لئے حلال کیا ہے تو اپنی بیویوں کی خوشی چاہتا ہے اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) بے انتہا کرم کرنے والا ہے۔اللہ نے تم پر ایسی قسموں کے کھولنے کو واجب کیا ہے (جن سے فتنہ پیدا ہو) اور اللہ تمہارا آقا ہے اور وہ بہت جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔اور یاد کرو جب نبی نے اپنی بیویوں میں سے کسی ایک سے ایک مخفی بات کہی۔ پھر جب اس نے وہ بات کسی کو بتا دی اور اللہ نے اس (کمزوری) کی خبر اس (یعنی نبی) کو دے دی‘ تو اس نے (بات کا) کچھ حصہ بیوی کو بتا دیا اور کچھ حصہ سے پردہ پوشی کی۔ پھر جب اس نے امر واقعہ کی خبر اس (بیوی) کو دی تو اس نے کہا کہ آپ کو یہ خبر کس نے دی ہے اس پر اس (یعنی نبی) نے کہا کہ مجھے بڑے علم والے (اور) واقف کار خدا نے خبر دی ہے۔پھر اس نے کہا کہ اے دونوں بیویو! اگر تم اپنی غلطی پر اللہ سے توبہ کرو تو تم دونوں کے دل تو پہلے ہی اس بات کی طرف جھکے[2] ہوئے ہیں (اور توبہ کے لئے تیار ہیں) اور اگر تم دونوں ایک دوسرے کی پشت پناہی کے لئے کھڑی ہو جاؤ تو یاد رکھو کہ اللہ اس رسول کا دوست ہے‘ اسی طرح جبریل اور سب مومن اور علاوہ اس کے فرشتے بھی نبی کی پشت پر ہیں۔

تفسیر:

[1]رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک دفعہ ایک بیوی نے جس کے گھر باری تھی شہد کا شربت پلایا جو آپ کو پسند تھا۔ اس وجہ سے آپ دیر تک اس کے ہاں ٹھہرے۔ دوسری بیویوں کو یہ بُرا لگا۔ ایک بیوی نے جسے شاید شہد پسندنہ تھا‘ آپ سے کہا یا رسول اللہ آپ کے منہ سے بُو آتی ہے۔ آپ بہت نازک طبع تھے۔ آپ نے دل میں عہد کیا کہ آئندہ شہدنہ پئیں گے۔ اس پر یہ آیات نازل ہوئیں اور کہا گیا کہ شہد کو خداتعالیٰ نے اچھا قرار دیا ہے۔ کسی بیوی کی خاطر اس کا ترک بُری بات ہے۔ بعض مفسرین نے اس آیت کی بہت گندی تفسیر کی ہے یعنی یہ کہ آپ نے حضرت ماریہؓ سے جو آپ کی لونڈی تھی صحبت کی اور پھر یہ بات ایک بیوی سے عہد لیکر بتادی۔ اس نے دوسری بیویوں کو بتا دیا اور یہ بات پھیل گئی۔ یہ سب قصّہ غلط ہے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بدنام کرنے کے لئے گھڑا گیا ہے صحیح واقعہ وہی ہے جو ہم نے لکھا ہے۔ آپ نے ایک بیوی کے ہاں شہد پیا اور دوسری بیوی کو دیر کی وجہ بتائی۔ اس پر اس نے اور اس کی کسی سہیلی نے سمجھا کہ شہد تو بعض دفعہ بودار بوٹیوں کا بھی ہوتا ہے آپ سے کہنا چاہیئے کہ شہد سے بعض دفعہ بُو آتی ہے اس سے آپ اس بیوی کے ہاں زیادہ جانا چھوڑ دیں گے اسی واقعہ کا اس جگہ ذکر ہے۔

(فتح البیان جلد9)

[2]مفسرین نے پھر یہاں غلطی کی ہے اور معنے یہ کیے ہیں کہ تمہارے دل ٹیڑھے ہو گئے ہیں۔ حالانکہ خداتعالیٰ نے فرمایا تھا کہ تمہارے دل پہلے ہی توبہ کی طرف مائل ہیں لغت میں لکھا ہے کہ صَغٰی اِلَیْہِ کے معنے ہیں مَالَ (مفردات) پس فَقَدْ صَغَتْ قُلُوْبُکُمَا کے معنے یہی ہو سکتے ہیں کہ تمہارے دل تو توبہ کی طرف پہلے ہی مائل ہیں۔ نہ معلوم مفسرین کو یہ کیوں شوق ہوا کہ ازواج مطہرات کو جن کے متعلق خداتعالیٰ فرما چکا ہے کہ اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰہُ لِیُذْھِبَ عَنْکُمُ الرِّجْسَ اَھْلَ الْبَیْتِ وَ یُطَھِّرَکُمْ تَطْھِیْرًا (احزاب: 34) گندہ قرار دیں۔ شاید کسی شیعہ نے تفسیروں میں یہ بات لکھ دی ہے کیونکہ ان کا عقیدہ ہے کہ اہل بیت صرف حضرت فاطمہؓ اور حضرت علیؓ اور آپ کے بچے ہیں۔ بیویاں اہل بیت نہیں۔ حالانکہ قرآن کریم نے حضرت ابراہیمؑ کی بیوی کو اہل بیت قرار دیا ہے۔

حدیث:

حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں کہ ایک غریب عورت میرے پاس آئی جس نے اپنی دوبچیاں اُٹھا رکھیں تھیں۔ میں نے اس کو تین کھجوریں دیں۔ اس نے دونوں بیٹیوں کو ایک ایک دے دی اور ایک کھجور اپنے منہ میں ڈالنے لگی لیکن یہ کھجور بھی اس کی بیٹیوں نے اس سے مانگ لی۔ اس پر اس نے اس کے دوحصے کیے اور ایک حصہ ایک کو اور دوسرا دوسری لڑکی کو دے دیا۔ مجھے اس کے مادرانہ پیار پر تعجب ہوا اور میں نے اس کا ذکر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے اس کے اس فعل کی وجہ سے اس کےلئے جنت واجب کردی یا یہ فرمایا کہ اس شفقت کی وجہ سے اسے آگ سے بچالیا۔

(بخاری کتاب الزکوٰة باب اتقوالنّار ولو بشق تمرةٍ…)

WhatsApp Group Join Now

admin

An online Urdu Magazine for women.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *