درس القرآن
یٰٓاَیُّهَا النَّبِیُّ لِمَ تُحَرِّمُ مَآ اَحَلَّ اللّٰهُ لَكَ تَبْتَغِیْ مَرْضَاتَ اَزْوَاجِكَ وَ اللّٰهُ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ۰۰۲قَدْ فَرَضَ اللّٰهُ لَكُمْ تَحِلَّةَ اَیْمَانِكُمْ١ۚ وَ اللّٰهُ مَوْلٰیكُمْ١ۚ وَ هُوَ الْعَلِیْمُ الْحَكِیْمُ۰۰۳وَ اِذْ اَسَرَّ النَّبِیُّ اِلٰی بَعْضِ اَزْوَاجِهٖ حَدِیْثًا١ۚ فَلَمَّا نَبَّاَتْ بِهٖ وَ اَظْهَرَهُ اللّٰهُ عَلَیْهِ عَرَّفَ بَعْضَهٗ وَ اَعْرَضَ عَنْۢ بَعْضٍ١ۚ فَلَمَّا نَبَّاَهَا بِهٖ قَالَتْ مَنْ اَنْۢبَاَكَ هٰذَا قَالَ نَبَّاَنِیَ الْعَلِیْمُ الْخَبِیْرُ۰۰۴(سورة التحریم آیت 2 تا 4)
ترجمہ: آیت 2 اے نبی! تُو کیوں حرام کر رہا ہے جسے اللہ نے تیرے لئے حلال قرار دیا ہے۔ تُو اپنی بیویوں کی رضا چاہتا ہے اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔ترجمہ: آیت 3,4اللہ نے تم پر اپنی قسمیں کھولنا لازم کر دیا ہے۔ اور اللہ تمہارا مولیٰ ہے اور وہ صاحبِ علم اور صاحبِ حکمت ہے۔
اور جب نبی نے اپنی بیویوں میں سے کسی سے بصیغۂ راز ایک بات کہی۔ پھر جب اس نے وہ بات (آگے) بتا دی اور اللہ نے اُس (یعنی نبی) پر وہ (معاملہ) ظاہر کردیا تو اُس نے کچھ حصہ سے تو اُس (بیوی) کو آگاہ کر دیا اور کچھ سے چشم پوشی کی۔ پس جب اُس نے اُس (بیوی) کو اِس کی خبر دی تو اُس نے پوچھا کہ آپ کو کس نے بتایا ہے؟ تو اس نے کہا کہ علیم وخبیر نے مجھے بتایا ہے۔
اس بحث میں پڑنے کی تو ضرورت نہیں کہ بیویوں کو کیا چیز ناپسند تھی جو اللہ کے رسولؐ نے ان کی خاطر اپنے اوپر حرام کرلی۔ تاہم وہ جو چیز بھی تھی اللہ تعالیٰ اسے حلال قرار دے رہا ہے۔ گویا یہ ارشاد ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جو چیزیں بھی واضح طور پر حرام یا حلال کردی ہیں ان کو تبدیل کرنے کا بندے کو حق نہیں۔ عام انسانوں کو تو یہ حق ہے کہ اپنی پسند ناپسند کے مطابق بعض چیزیں اپنے اوپر حرام کی طرح کرلیں مگر وہ دوسروں کے لئے اُسوہ نہیں ہوتے۔ رسول اللہ ﷺ کو بالخصوص یہ ارشاد اس لئے فرمایا گیا ہے کہ آپؐ اُمّت کے لئے اُسوہ ہیں۔یہاں قَسموں کو توڑنے سے یہ مراد یہ نہیں کہ جو سنجیدگی سے کسی سے وعدہ کی خاطر جائز قسم کھائی جائے اس کو بھی تم بے شک توڑ دیا کرو۔ صرف یہ مراد ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فرمودہ حلال و حرام میں سے اگر تم کسی کو تبدیل کرنے کی قسم کھا بیٹھو تو اسے توڑ دیا کرو مگر اس کا بھی فدیہ دینا ہوگا۔
تفسیر: اس سورة کے شروع میں بھی پچھلی سورة کے شروع کی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مخاطب کیا ہے۔ مگر حکم عام سب کے لئے ہے۔ لِمَ تُحَرِّمُ: تو کیوں حرام کرتا ہے؟ اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کسی حلال چیز کو چھوڑ دیا تھا۔ اس کا پتہ احادیث سے دو جگہ ملتا ہے۔ ان دو میں سے کسی ایک کو یہاں سمجھ لو۔1۔ ایک دفعہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شہد پیا تھا۔ تو ایک بیوی نے کہا۔ آپؐ کے منہ سے بُو آتی ہے۔ آپؐ نے خیال فرمایا کہ اگر شہد کا پینا کسی بیوی کو ناپسند ہے تو ہم نہیں پیتے۔ شہد کے پینے کی ضرورت ہی کیا ہے۔2۔ دوسری بات حدیثوں میں یہ لکھی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی بیبیوں سے ان کے کسی معاملہ پر ناراض ہوکر علیحدگی اختیار کی تھی اور چند روز تک ایک علیحدہ مکان میں رہے تھے۔ اس سے اللہ تعالیٰ نے منع فرمایا۔ بہرحال ان دو باتوں میں سے کوئی ایک بات ہے یا کوئی اور امر ہے جس کا ذکر اللہ تعالیٰ نے نہیں فرمایا۔ جس کے سبب سے یہ آیت نازل ہوئی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ترک میں مشکلات تھے۔ اگر وہ قائم رہتا تو مسلمان اسے ایک سنّت بنا لیتے۔ ہاں مجھے ضروری معلوم ہوتا ہے۔ سورۃ تحریم کی پہلی چند آیات کی تفصیل لکھ دوں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بی بی زینبؓ کے گھر میں شہد پیا عائشہؓ اور حفصہؓ نے زینبؓ پر غیرت کی۔ اور رسولِؐ خدا سے عرض کیا کہ آپؐ کے منہ سے مغافیر کی بُو آتی ہے۔ آپؐ نے فرمایا کہ مَیں نے زینب کے گھر میں شہد پیا ہے۔ اب پھر شہد نہ پیوں گا۔ یہ بات اس لیے کہی کہ جب عورتوں کو شہد کی بُو سے نفرت ہے تو اس کا پینا کیا ضرور؟ معاشرت میں نقص آتا ہے؟ باری تعالیٰ نے قرآن میں فرمایا۔ حلال اشیاء کا ترک کرنا اور اس پر حلف کرنا کیوں۔ ایسے امور میں عورتوں کی رضامندی ضروری نہیں۔ قسم سے بچ رہنے کے لئے سورہ مائدہ میں کفارے کا حکم ہے۔ اس پر عمل کرو۔
قَدْ فَرَضَ اللّٰهُ لَكُمْ تَحِلَّةَ اَیْمَانِكُمْ میں فَرَضَ ماضی کا صیغہ ہے۔ حال یا استقبال نہیں۔ یہ زینبؓ کا قصّہ اور اس پر آیت کا نازل ہونا بخاری و مسلم وغیرہ حدیث کی اعلیٰ کتابوں میں موجود ہے۔ اور قرآن کی تفسیر یا خود قرآن سے یا لغتِ عرب سے یا قرآن کی تفسیر صحیح احادیث سے تفسیر کا اعلیٰ درجہ ہے۔بعض مفسّر لوگوں نے زینبؓ کے بدلے میں ماریہ قبطیہ کا نام لیا۔ اِلَّا ماریہ بھی رسولِؐ خدا کی بی بی ہیں۔ اور ایک بیٹے کی ماں۔ اس بیٹے کی ماں ہے جس نے لڑکپن میں انتقال کیا۔ تب بھی کوئی حرج نہیں۔ اِلَّا یہ مفسّروں کا قول حدیث کے مقابلہ میں التفات کے قابل نہیں۔ بلکہ محققین نے ماریہ کے وجود پر بھی انکار کیا ہے۔فَرَضَ اللہُ عام حکم ہے۔ اللہ تعالیٰ نے سب پر فرض کر دیا ہے کہ ایسی قسموں پر قائم نہ رہا کریں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے کوئی بات اپنی کسی بیوی کو کہی تھی۔ اُس نے کسی اَور کے آگے ذکر کردی۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو الہامِ الہٰی کے ذریعے معلوم ہوگیا۔ کہ اس بیوی نے اس راز کی بات کو آگے ذکر کردیا ہے۔ شیعوں نے کہا ہے کہ وہ بات یہ تھی کہ میرے بعد حضرت علیؓ خلیفہ ہوں گے اور سنّی کہتے ہیں کہ وہ بات یہ تھی کہ میرے بعد ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہما خلیفہ ہوں گے۔ مگر جب اللہ تعالیٰ نے اس بات کو مقید نہیں کیا اور بیان نہیں فرمایا کہ وہ کیا بات تھی۔ تو ہمیں کیا ضرورت ہے کہ ہم کہیں کہ وہ یہ بات تھی یا وہ بات تھی۔
اَسَرَّ النَّبِیُّ: محبّت بڑھانے کے لئے اپنی بیوی سے مخفی بات بھی بعض اوقات کہہ دینی چاہیے لیکن اگر وہ ظاہر کردے تو جتلا دینا چاہیے۔
( حقائق الفرقان جلد چہارم صفحہ 147 تا


