اُم المومنین حضرت صفیہ رضی اللہ عنہا
آخری قسط
محبتِ الہٰی
حضرت صفیہ کی عبادت اور ذکر الہٰی کے بارے میں یہ واقعہ قابل ذکر ہے۔ جو دراصل آنحضرتﷺ کے فیض صحبت کا کرشمہ ہے۔ آپؐ نے اپنی ازواج کے دل میں خدا تعالیٰ کی محبت، عبادت اور ذکرِ الہٰی سے گہرا تعلق پیدا کردیا تھا۔ حالانکہ وہ مختلف قبائل اور مذاہب کے کو چھوڑ کر آئی تھیں کوئی عیسائیوں سے توکوئی یہود سے۔مگر وہ آپؐ کی محبت میں آکر آپؐ کے رنگ میں رنگین ہوگئیں۔حضرت صفیہ کے آزاد کردہ غلام کنانہ کابیان ہے کہ حضرت صفیہ ؓ فرماتی تھیں’’ ایک دفعہ حضور ﷺ میرے پاس تشریف لائے میں نےکھجور کی چار ہزار گٹھلیاں اپنے پاس رکھی ہوئی تھیں۔ ان پر میں تسبیح کیا کرتی تھی۔‘‘ حضورؐ نے پوچھا’’یہ کس مقصد کے لئے ہیں۔ ‘‘عرض کیا ’’حضور ﷺ!میں ان کو گن گن کر ان پر اللہ تعالیٰ کی حمد اور تسبیح کرتی ہوں‘‘ آپؐ نے فرمایا ’’کیا میں تم کو اس سے بہتر طریقہ نہ بتاوٴں؟‘‘پھر حضورﷺنے ان کو سمجھایا کہ بجائے یوں گن گن کر تسبیح کرنے کے یہ پڑھا کرو۔ سُبْحَانَ اللّٰهِ عَدَدَ خَلْقِهِ کہ اللہ تعالیٰ پاک ہے اور اس کی سبوحیت اور اس کی پاکیزگی میں اتنا بیان کرتی ہوں جتنی خدا تعالیٰ کی مخلوق ہے۔
یہ ذکر الہٰی کے وہ لطیف اوراچھوتے اسلوب تھے جو آنحضرت ﷺ اپنی ازواج کو سمجھایا کرتے تھے۔ حضورﷺ کی اس تربیت اور فیضِ صحبت کے نتیجے میں ان کی بھی یہ کوشش ہوتی تھی کہ وہ ذکر الہٰی میں دعاوٴں اوراللہ تعالیٰ کی عبادت میں آگے بڑھنے والی اور ترقی کرنے والی ہوں۔
اسی طرح کا دوسرا واقعہ حضرت جویریہ ؓ بنت حارث کے بارہ میں آتا ہے جو مشرکوں میں سےاسلام میں آئیں۔اور رسول اللہﷺ نے ان کو بھی ذکر الہٰی کرتے دیکھا تو یہ جامع اور بابرکت دعا سکھائی۔
محبتِ رسولؐ
حضرت صفیہ کو حضور ﷺ کے ساتھ جو محبت تھی اس کا ایک اندازہ آنحضرت ﷺ کی آخری بیماری میں ہوا۔ ازواج مطہرات آنحضور ﷺ کے پاس بیٹھی حضورؐ کی تیمارداری اور عیادت میں مصروف تھیں۔ اس دوران حضرت صفیہ نے بے اختیار کہا’’اے اللہ کے نبی! میرادل کرتا ہے کہ آپؐ کی یہ بیماری مجھے مل جائے۔اور آپ کو اللہ تعالیٰ شفاء دے‘‘۔ حضرت صفیہ کی یہ بات سن کر بعض ازواج نے ایک دوسرے کو طنزیہ اشارہ کیا۔آنحضرت ﷺحضرت صفیہ کے قلبِ صافی کو جانتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا ’’خداکی قسم !یہ اپنی بات میں سچی ہے گویا صدق دل سے مجھے چاہتی ہے‘‘
یہ واقعہ رسول اللہﷺ کے اخلاق فاضلہ اور آپؐ کی سچائی کا عظیم الشان گواہ ہے۔یہودی گھرانے میں پرورش پانے والی ایک لڑکی جس کے باپ نے اسلام سے مذہبی عداوت کی بناء پر رسول اللہﷺ کو آپؐ کی نشانیوں سے سچا رسول جان لینے کے بعد بھی اپنی سیادت وریاست قائم رکھنے کے لئے ذاتی مخالفت کا فیصلہ کیا۔اور آپؐ کا جانی دشمن بن کر عمر بھر آپؐ کے خلاف برسرِ پیکار رہا۔جنگ خندق میں کفار قریش کی مدد کی اور آپؐ کے خلاف اعلان جنگ کرکے عہد شکنی کےمرتکب ہوئےجس کے باعث مدینہ سے نکالا گیا تو خیبر میں جاکر اسلام کے خلاف مضبوط اڈے قائم کئے۔بالآخر جب خیبر کے میدانوں میں اسکا اور اسکی قوم کی قسمت کا فیصلہ ہواتوحضرت صفیہ ؓ کے نہ صرف والد بلکہ شوہر اور کئی عزیز اس جنگ میں کام آئےاورخود انکے بقول رسول اللہ ﷺ کا وجود انکے لئے سب سے زیادہ قابل نفرین تھا۔مگر رسول اللہﷺکے عقد میں آنے کے بعدانکی کایا کیسی پلٹی کہ اپنی جان رسول اللہﷺ پر چھڑکنے لگیں۔ اور صدق دل سے آپؐ پر فریفتہ ہوگئیں اور خود ان کے بیان کے مطابق رسول اللہﷺ سے زیادہ انہیں کوئی محبوب نہ رہااور خدا کے رسولؐ نے بھی گواہی دی کہ وہ بلاشبہ خلوص ِدل سے آپؐ پر قربان ہے۔دشمن قوم کی بیٹی کی یہ گواہی جس نے قریب سے رسول اللہﷺ کے اخلاق کا مشاہد ہ کیا آپؐ کے اخلاق فاضلہ اور سچائی کو خوب ظاہر کرتی ہے۔یہی وہ راز تھا جس کی بناء پر رسول اللہﷺ نے ان کا نام زینب سےبدل کر صفیہ رکھا۔یعنی انہوں نے اپنا دل و سینہ رسول اللہﷺ اور اسلام کے لئے خالص کرلیا تھا۔اور آپؐ کی باصفا ساتھی بن گئیں۔ سبحان اللہ!
حضرت صفیہ ؓکی کایا پلٹنے پرمستشرقین کی حیرانی
حضرت صفیہؓ کے اندرپیدا ہونے والے اس انقلاب پر مستشرق مارگولیتھ بھی حیران وپریشان ہے۔اور اپنےاندرونی بغض وعناد کا اظہار کئے بغیر نہیں رہ سکا۔وہ لکھتا ہے۔
Some Moslems paid her the compliment of thinking she meant to play a Judith’s part, but they did her more than justice. Just as the Jewish tribes had each played for its own hand, careless of the fate of the others, so to this woman a share in the harem of the conqueror made up for the loss of father, husband, brethren, and religion.So Beckwourth found that a few hours were sufficient to reconcile the American squash to captivity. Dragged from the blood-baths in which their husbands, fathers, and brothers perished, they in a little time became cheerful and even marry.
Another Jewess, Zainab, the wife of Sallam,son of Mishkam, who figures as a partisan of Mohammed,tried with partial success a plan which others had attempted to fail entirely.She found out what joint was the Prophet’s favourite food,and cooked it for him, richly seasoned with poison.The Prophet s guest,Bishr, son of Al-Bara, took some and swallowed it ; and presently died in convulsions… But when three years after he died of fever, he thought it was Zainab’s poison still working within him.
ترجمہ:بعض مسلمانوں نے حضرت صفیہؓ کی تعریف کرتے ہوئےانہیں ایک مشہور ہیروئن جیوڈتھ کے مخصوص کردار کی عکاس قرار دیا ہے۔ جیسا کہ مختلف یہودی قبائل نے ہر دوسرے قبیلہ کے مفاد سے بے پرواہ ہو کر صرف اپنے ہی فائدہ کو مد نظر رکھا۔اس خاتون (صفیہؓ)نے بھی ایک فاتح کے حرم میں بخوشی داخل ہو کر باپ،خاوند،بھائیوں اور مذہب کو پس پشت ڈالتے ہوئےاپنے پیاروں کے خون کو فراموش کر دیا۔سو بقول Beckwourthجس طرح محض چند گھنٹوں میں (ایک)امریکی خاتون نے حالات(قید) سے سمجھوتہ کر لیا۔اس خون ریز میدان جنگ سے الگ ہوتے ہی (حضرت صفیہؓ نے)جہاں اس کا خاوند،باپ اور بھائی ہلاک ہوئے تھے۔حرم نبویؐ میں داخل ہو کر خوش و خرم زندگی شروع کر دی۔جبکہ ایک اور یہودی عورت زینب(زوجہ سلام بن مشکم) نے قومی غیرت میں اپنے منصوبہ پر عمل کر کے کسی حد تک کامیابی حاصل کی جہاں پر کہ دوسرے ایسے منصوبوں میں مکمل طور پر ناکام رہے تھے۔اس نے رسولؐ خدا کا پسندیدہ کھانا زہر ڈال کر تیار کیا۔
اس جگہ مارگولیتھ یہودی تاریخ کی مشہور ہیروئن جُوڈتھ(جس نے ایک فاتح اسیری بادشاہ سے شادی کے بعد اسے ہلاک کرکے یہودیوں کی شکست کو فتح میں بدل دیا تھا) کی مثال پیش کرکے کہتا ہے کہ فتح خیبر کے بعد رسول اللہﷺ کو زہر دے کر اپنے مقصد میں ناکام ہونیوالی یہودی عورت زینب (زوجہ سلّام بن مشکم)نے قومی غیرت میں کیا کردار ادا کیااور کیوں حضرت صفیہؓ نے(جس کے والد، شوہر اور بھائی رسول اللہﷺ کے ہاتھوں مارے گئےتھے) جوڈتھ کا کردار ادا نہ کیا۔ پھروہ اپنی حیرت وپریشانی اور اسلام دشمنی کا اظہار اس طنزیہ اعتراض کے ذریعہ کرتا ہے کہ بعض مسلمانوں نے حضرت صفیہ ؓ کو ضرورت سے زیادہ اہمیت دے کر ان سے حد سے زیادہ توقع رکھنی چاہی ہے،جیسے حضرت ابوایوبؓ انصاری نے حضرت صفیہ ؓ سے رسول اللہﷺکی شادی کی پہلی شب ساری رات خیمہ کے باہر اپنے خدشات کی بناء پر آپؐ کی حفاظت کے لئے پہرہ دیا۔ جبکہ مارگولیتھ کے مطابق حضرت صفیہ ؓ نے دیگر یہود کی طرح اپنے مفاد کی خاطر ایسا کیااور بہت جلد اپنے پیاروں کے خون کو بھلادیا اور(شادی کی) رنگ رلیوں میں مصروف ہوکر بخوشی فاتح خیبرکے حرم میں شامل ہوگئیں۔
کاش مارگولیتھ نےتعصّب کی بجائے انصاف کی نظر سے تاریخ کا مطالعہ کیا ہوتا اور حضرت صفیہ ؓکے قبول اسلام کا پس منظر بچپن کے زمانہ سے پیشِ نظر رکھا ہوتا تو اسے یہ تسلیم کئے بغیر چارہ نہ رہتا کہ ان کے اندریہ تبدیلی اچانک واقع نہیں ہوئی۔ ہاں اگرحضرت صفیہ ؓ کے اندر یہ تبدیلی واقعی ایک رات میں ہوئی ہوتی توپھر بھی یہ رسول اللہﷺکے اخلاق فاضلہ کا جادو تھا۔جن کے بارہ میں خود حضرت صفیہ ؓ نے گواہی دی کہ رسول اللہﷺ جو میرے لئے دنیا میں سب سے زیادہ قابل نفرین تھے سب سے بڑھ کر مجھے محبوب ہو گئے۔ مگرفی الواقعہ یہ صرف ایک رات کا ہی انقلاب نہیں تھا بلکہ حضرت صفیہ ؓ کے دل میں تو دراصل بچپن کے اس روزسےہی اسلام کی صداقت گھر کرچکی تھی جس روز انہوں نے اپنے والد اور چچا کی بانئ اسلام کے سچاہونےکے متعلق گفتگو سنی کہ آپؐ ہیں تووہی موعودسچے نبی مگربہرحال انکی مخالفت کرنی ہے۔
اسلام کے حق میں حضرت صفیہ ؓ کی زندگی کا دوسرا تاریخی موڑ وہ ہےجب انہوں نے محاصرہ خیبر کے دوران اپنی خواب میں چاند کو اپنی گود میں گرتے دیکھا، جسے سن کر ان کے شوہر نے یہ کہتے ہوئے تھپڑ رسید کردیا تھا کہ تم عرب کے بادشاہ سے شادی کرنا چاہتی ہو۔رسول اللہ ﷺہی دراصل ان کے اس خواب کی تعبیر تھے۔یہ خواب جہاں حضرت صفیہ ؓ کی سچائی اور پاکیزگی ٔ نفس اور ان کے بارہ میں الہٰی منشاءکو ظاہر کرتا تھا وہاں اس کا اتنا جلدی پورا ہوجا نارسول اللہﷺ کیلئے ان کے دل کو فتح کرنے کیلئے کافی تھا۔پھر سونے پر سہاگا یہ کہ رسول اللہﷺ کےحسن واحسان کے جلوے اور پاکیزہ اخلاق ایسے تھے جنہوں نے حضرت صفیہ ؓ کا دل موہ لیا۔
مارگولیتھ کی اس معترضانہ جرح کی تردید خود واقعات بھی کرتے ہیں۔اگرواقعی یہودکی خصلت یہی تھی کہ اپنی مقصد برآری کیلئے حالات سے صلح کرلی جائے تو خود مارگولیتھ اور سرولیم میور کے بیان کے مطابق حضرت صفیہ ؓ(جن کا آبائی نام زینب تھا) کی ایک اور ہمنام زینب نامی یہودیہ بھی توتھی جس نے اپنی آتش انتقام سرد کرنے کے لئے آنحضورﷺ کو کھانے میں زہر دینے سے بھی دریغ نہ کیا تھا۔اس کے مقابل پر حضرت صفیہ ؓ میں پیدا ہونیوالی اس تبدیلی کی عظمت اور بڑھ جاتی ہے اور رسول اللہﷺ جیسےعظیم الشان معلّم ومربی کی سچائی اور آپؐ کے اخلاق فاضلہ پر دلیل ہے۔رسول اللہ ﷺکی اسی پاکیزہ صحبت کی تاثیر کا ذکر کرتے ہوئے حضرت مولانا حکیم نور الدین صاحب خلیفۃ المسیح الاوّل فرماتے ہیں:۔
’’نبی کریمؐ کی بی بی ماریہ ؓ پہلے عیسائی تھیں اور صفیہ ؓ یہودی۔ اس قسم کے عقیدوں سے نبی کریمؐ کی صحبت میں پاک ہوئیں‘‘
جہاں تک حضرت صفیہ ؓ کے ساتھ رسول اللہﷺ کی شادی پر اعتراض کا تعلق ہے اس میں کوئی وزن نہیں کیونکہ یہ شادی ایک قومی ضرورت تھی جیسا کہ سردار مکّہ ابوسفیان کی بیٹی حضرت امّ حبیبہ ؓ اور بنو مصطلق کے سردار حارث کی بیٹی حضرت جویریہؓ اور مصر کی شہزادی حضرت ماریہ قبطیہ ؓ کے ساتھ عقد ہوا تھا۔ اسی دستور کے مطابق قدیم زمانے سے شادیوں کا رواج تھا۔بائبل کے مطابق حضرت سلیمان ؑ نے بھی اس مقصد کی خاطر فرعون مصر کی بیٹی سے شادی کی تھی جس کے باعث اسرائیل کو مصرسے حملہ کا خطرہ نہ رہا۔
حضرت صفیہ ؓ کے ساتھ رسول اللہ ﷺکی شادی میں کوئی ایسی قابل اعتراض بات نہیں تھی جیسا کہ بعض مستشرقین نے لکھا ہے۔ بلکہ یہ دشمن قوم پر ایک احسان تھا۔
حضرت مولانا نورالدین صاحب خلیفۃ المسیح الاول حضرت صفیہ ؓ کی شادی پر مشہورمستشرق ولیم میور کے اعتراض کا جواب دیتے ہوئے فرماتےہیں:۔
’’مسٹر میور(Muir)نے اعتراض کیا مگر وہ جانتا نہ تھا کہ ملک عرب میں دستور تھا کہ مفتوحہ ملک کے سردار کی بیٹی یا بیوی سے ملک میں امن وامان قائم کرنے اور اس ملک کے مقتدر لوگوں سے محبت پیدا کرنے کے لئے شادیاں کیا کرتے تھے۔تمام رعایا اور شاہی کنبہ والے مطمئن ہوجایا کرتے تھے کہ اب کوئی کھٹکا نہیں۔چنانچہ خیبر کی فتح کے بعد تمام یہود نے وہیں رہنا پسند کیا‘‘۔
خلافت سے تعلق
حضرت صفیہ کا جو تعلق خلفائے راشدین کے ساتھ اطاعت اور محبت کا تھا اس کا ایک اظہار اس واقعہ سے بھی ہوتا ہے جب حضرت عثمان کے دور خلافت میں ان کا محاصرہ کیاگیا حضرت صفیہ نے اس خواہش کا اظہا ر کیا کہ میں حضرت عثمان کی کچھ مدد کرنا چاہتی ہوں۔ چنانچہ آپ نے اپنی سواری تیار کرائی اور حضرت عثمان کے ساتھ ملاقات کے لئے تشریف لے گئیں۔راستے میں باغی فوجوں کے سردار اُشتر نے آپ کو روک لیا۔ آپ کی سواری کو مارنا چاہا اور بے ادبی کرنی چاہی۔ آپ نے فرمایا ’’میری سواری کو واپس لے چلو، میں یہ بھی پسند نہیں کرتی کہ زوجہ ٔ رسول کےلئے یوں رسوائی کے سامان پیداہوں۔‘‘ اس کے باوجود حضرت صفیہ نے حضرت عثمان کی مدد کا ایک اور انتظام کیا۔ ان کا گھر حضرت عثمان کے گھر کے قریب تھا، آپ ؓنے ایک لکڑی اپنے اور ان کے گھر کے درمیان رکھ دی اور ایک ایسا رابطہ بحال کرلیا جس کے ذریعے محاصر ہ کے دوران حضرت عثمان کے لئے کھانےپینے کی ضروری چیزیں مہیا فرماتی رہیں۔
حضرت صفیہ کو خدا تعالیٰ نے غیر معمولی حلم عطا کیاتھا۔آخر ایک سردار کی بیٹی اور اب سردارِ دو جہاں کی زوجہ مطہرہ تھیں۔ ایک دفعہ ان کی لونڈی نے حضرت عمر کے زمانے میں ان کی یہ شکایت کردی کہ وہ جمعہ کی بجائے سبت کے دن یا ہفتہ کو بہت پسند کرتی ہیں۔اور اس میں وہ یہودیوں سے حسن سلوک کرتی اور صدقہ وغیرہ دیتی ہیں۔ حضرت عمر کی طبیعت بہت ہی عادلانہ تھی آپ نے خود ہی حضرت صفیہ سے اس بارہ میں پوچھ لیا کہ یہ کیا معاملہ ہے ؟ حضرت صفیہؓ نے جواب دیا کہ اللہ تعالیٰ نے جب مجھے جمعہ کا بابرکت دن عطا کیاہے تو کیسے ممکن ہے کہ اس کی بجائے میں کسی اور دن کو محبوب رکھوں۔ باقی یہودیوں سے میرے رحمی رشتے ہیں بعض رشتے دار ایسے ہیں جو ابھی مسلمان نہیں ہوئے میں ان کے حق کے مطابق ان سے صلہ رحمی اور احسان کا سلوک کرتی ہوں۔حضرت عمر ؓ کے لئے یہ وضاحت کافی تھی۔بعد میں حضرت صفیہ نے اس لونڈی سے پوچھا کہ اس شکایت کرنے سے تمہارا مقصد کیاتھا؟اس نے کہا بس یہ تو شیطانی اکسا واتھا۔ آپ نے کس کمال ذرہ نوازی سے فرمایا ’’جاوٴ میں تمہیں آزاد کرتی ہوں‘‘یہ آپ کا حلم تھاکہ ایک لونڈی جس نے آپ کے خلاف شکایت کی آپ نے اسے بھی معاف کرکے حسن سلوک کیا۔
حضرت صفیہ ؓ نے آنحضرتﷺسے بعض احادیث بھی روایت کی ہیں۔ آپ ؓ بیان فرماتی ہیں ’’حضورﷺنے فرمایاکہ ایک زمانہ آئے گا کہ بعض لوگ خانہ کعبہ پر حملہ آور ہوں گے اور وہ ہلاک ہونگے‘‘ میں نے عرض کیایارسول اللہ ﷺ!وہ لوگ جو حملہ آور ہوں گے ان میں سے ایسے بھی تو ہوسکتے ہیں جو اس بات کو ناپسند فرمارہے ہوں۔ حضور ﷺنے فرمایا ’’ان کے ساتھ اللہ تعالیٰ کاسلوک ان کی نیتوں کے مطابق ہوگا‘‘۔
وفات
حضرت صفیہ کی وفات رمضان50ھ میں حضرت امیر معاویہ ؓ کے زمانہ میں ہوئی۔ یہ عجیب توارد ہے کہ آنحضرت ﷺ کے ساتھ آپ کی شادی بھی رمضان کے مہینہ میں ہی ہوئی تھی۔ تدفین دیگر ازواج کے ساتھ جنۃ البقیع میں ہوئی۔
اللہ تعالیٰ نے فتوحات کے زمانہ میں حضرت صفیہ کو اموال وغیرہ عطا کئے اس کے نتیجے میں ایک لاکھ درہم نقدسے بھی زائدان کا ورثہ تھا۔ زمینیں وغیرہ اس کے علاوہ تھیں۔ آپؓ نے اپنی خالہ کے یہودی بیٹے کے لئے اپنی جائیداد کے تیسرے حصے کی وصیت فرمائی۔
اَللّٰھمَّ صَلِّ عَلیٰ مُحَمَّدٍ وَعَلیٰ اٰلِ مُحَمَّدٍ وَّبَارِک وَسَلِّم اِنَّک حَمِیدٌ مَجِیدٌ
(بحوالہ اہل بیت رسولﷺ از حافظ مظفر احمد صاحب)

