سورۃ الناس کی خوبصورت تفسیر اس طرح دعا کریں
آخری قسط
انسان کے ان سہ درجات اور حالات کی طرف اس آیت میں اشارہ کیا گیا ہے۔ ان ہر سہ حالات کو صوفیاء نے اپنی تجربہ کردہ باتوں کے ذکر کے ساتھ عجیب عجیب پیرایوں میں بیان کیا ہے۔ چنانچہ حافظ شیراز نے نفسِ لوّامہ کی مشکلات پر نگاہ کرکے اس مضمون کو اس شعر میں ادا کیا ہے
شبِ تاریک و بیم موج و گردابے چُنیں حائل
کجا دانند حال ما سبکسارانِ ساحل ہا
حافظ شیراز نے اس شعر میں انسان کی ان تین حالتوں کو ظاہر کیا ہے، اور اس کی تمثیل کے واسطے دریا اور اس کے دو کناروں کے نظارہ کو لیا ہے، کچھ لوگ دریا کے اس کنارے پر ہیں، کچھ کنارہ ویران سا ہے، اس میں نہ کوئی شاندار مکان ہے اور نہ پھل پھول ہیں اور اس میں رہنے والے جاہل لوگ ہیں، جو دوسرے کنارے کی نعمتوں اور عمدہ اشیاء سے بےخبر ہیں، اور وہ نہیں جانتے کہ دوسرے کنارہ پر کیا کیا آرام کے ذرائع ہیں، پس وہ اپنی حالت میں غافل ہیں۔ اور ان کو یہ خواہش بھی نہیں کہ دوسری طرف جاویں، اور ان لوگوں میں جاکر شامل ہوویں جو دوسرے کنارے پر رہتے ہیں، بلکہ وہ اپنے موجودہ حال میں ویسے ہی چُپ چاپ بیٹھے ہیں، دوسرے کنارے پر وہ لوگ ہیں جو دریا اور اس کی تمام تکالیف اور مصائب کو جِھیل کر اپنے منزلِ مقصود تک پہنچ چُکے ہیں اور اب آرام کے ساتھ بیٹھے ہیں ان کو کوئی دُکھ اور مصیبت نہیں ہے۔ اور نہ ان کے واسطے وہ خطرات اور ہر وقت کا خوف ہے جو کشتی والوں کے لاحقِ حال ہوتا ہے بلکہ وہ ان تمام مشکلات سے گزر چکے ہیں، اور تمام مصائب کو عبور کرچکے ہیں، اور ان کا نفس نفسِ مطمئنہ ہے، اور پہلے لوگ وہ تھے جن کو نفس نفسِ امّارہ تھا، اور دوسرے کنارہ پر وہ ہیں جو نفسِ مطمئنہ رکھتے ہیں۔ حافظ شیراز نے ان ہر دو کو اپنے شعر میں سبک سار کہا ہے، کیونکہ ایک کو معرفت کی خبر ہی نہیں ، اور دوسرے کو معرفت حاصل ہوچکی ہے، پس وہ دونوں سبکسار ہیں کیونکہ یہ اپنے بوجھ اتار چکا ہے اور اس نے ہنوز بوجھ اٹھایا ہی نہیں۔ لیکن مشکلات میں وہ شخص ہے جو درمیان میں ہے کیونکہ اس نے رذیل حالت میں رہنا پسند نہ کیا اور اعلیٰ حالت کی طرف جانا چاہا لیکن راستہ میں مشکلات کا دریا ایسا آگیا ہے، جس میں ہر طرف سے موجیں ہیں اور رات اندھیری ہے اور گرداب گھیرے ہوئے ہے۔ اور ہر وقت خطرہ ہے کہ اب ڈوبے، اب ڈوبے، یہ درمیانی حالت نفسِ لوّامہ کی ہے۔ اس کو معلوم ہوگیا ہے کہ نفسِ مطمئنہ ایک عظیم الشان نعمت ہے۔ ان لوگوں کی صحبت نے جو نفسِ مطمئنہ حاصل کرچکے ہیں یا ان کے حالاتِ عجیبہ کے سننے سے اس کو رغبت پیدا ہوئی ہے کہ میں بھی نیک بن جاؤں اور ان لوگوں کے درمیان شامل ہوجاؤں اور بظاہر پہلی نظر اس کو بہت آسان سمجھتا ہے اور خیال کرتا ہے کہ میں منزل کو آسانی کے ساتھ طے کرلوں گا اور ایسا ہی ہوجاؤں گا جیسے کہ وہ لوگ ہیں، لیکن تھوڑے ہی دنوں میں معلوم ہوجاتا ہے کہ اس راہ میں بہت مشکلات ہیں اور بدیوں کا ترک کرنا اور نیک بن جانا آسان بات نہیں ہے، ایسے وقت میں چلّا اٹھتا ہے
کہ عشق آساں نمود اوّل دِلے افتاد مشکلہا
اور جب چاروں طرف سے اپنے آپ کو تکالیف میں دیکھتا ہے۔ تب معلوم ہوتا ہے کہ اس اعلیٰ حالت کا حصول کوئی آسان امر نہیں ہے۔ ظاہر کہہ دینے کو ایک فقرہ ہے اور وہ بھی ایک چھوٹا سا کہ ’’میں دین کو دنیا پر مقدم کروں گا‘‘ لیکن جب اس پر عمل شروع ہوتا ہے۔ تب اس کی حقیقت معلوم ہوتی ہے۔ جیسا کہ ایک ملازم کسی دفتر کا اس اقرار کے بعد اپنے دفتر میں آجاتا ہے۔ اور ایک طرف افسر زور دیتے ہیں کہ یہ کام فوراً کرو اور دوسری طرف نماز کا وقت آجاتا ہے۔ اس وقت معلوم ہوجاتا ہے کہ دین کو دنیا پر مقدم کرنے کے کیا معنی ہیں؟ ایک عہدہ دار سرکاری جس کے خرچ بہت ہیں اور تنخواہ تھوڑی ہے وہ جب اس اقرار کے بعد اپنے کام پر جاتا ہے اور آمدنی کو کم پاتا ہے اور خرچ زیادہ ہے اور رشوت کے وسائل کُھلے ہیں اور کوئی منع کرنے والا نہیں۔ اس وقت اس کو معلوم ہوتا ہے کہ دین کو دنیا پر مقدم کرنے کی کیا کیفیت ہوتی ہے۔ رات کے وقت جب سردی کو موسم ہو اور گرم بستر کے اندر آدمی لیٹا ہوا ہو اور ہر ایک سامان مہیا ہو اور تہجد کا وقت اور خدا کے یاد کرنے کا وقت آجاوے اور دل نہ چاہے کہ بستر سے اُٹھے، اس وقت انسان کو معلوم ہوجاتا ہے کہ میرا دین مقدّم ہے یا دنیا مقدّم ہے!
غرض سلوک کی راہ میں سب سے مشکل مرحلہ وہی ہے جو نفسِ لوّامہ کو طے کرنا پڑتا ہے۔ کیونکہ اس کو شیطان کے ساتھ اور اس کے لشکر کے ساتھ ایک جنگ درپیش ہے۔ شیطان چاہتا ہے کہ وہ اس کو واپس اپنی حالت ردّی پر لے جائے۔ کیونکہ وہ جیسا کہ اس سورة میں بیان کیا ہے خنّاس یعنی انسان کو نیچے ہٹانا چاہتا ہے، اور اس کو حالتِ رذیل میں ڈالنا چاہتا ہے۔ یہ شیطان بعض انسانوں کی صورت میں ہیں اور بعض بدروحیں ہیں جو کہ انسان کو خراب حالت میں ڈالنے کے واسطے اس کے دل میں طرح طرح کے وساوس ڈالتی ہیں، جس کا ذکر اس سورہ شریفہ میں اس طرح سے ہے، الَّذِی یُوَسْوِسُ فِی صُدُورِ النَّاسِ یعنی لوگوں کے سینوں میں وسوسہ ڈالتے ہیں۔ ان سے پناہ مانگنے کے واسطے خدا نے یہ سورة بطور کلماتِ دعائیہ کے نازل فرمائی ہے تا ان کو پڑھ کر اور خداتعالیٰ سے پناہ مانگ کر انسان بَد حالت میں پڑنے سے بچ جاوے۔ اے خدا! تو اپنے فضل و کرم سے ہماری دستگیری فرما اور اس جماعت کے ممبروں کو نفسِ مطمئنہ عطا فرما اور جو لوگ ہنوز اس سلسلہ میں داخل نہیں ہوئے ان کو بھی آنکھیں کھول! تاکہ وہ اس پاک راہ کو پہچان کو اس کی صداقت کا فائدہ حاصل کریں اور خدا کی برگزیدہ جماعت میں داخل ہوکر رحمتِ الٰہی سے حصہ وافر کریں! آمین ثم آمین!!
امراضِ سینہ کا علاج: میں خیال کرتا ہوں کہ امراضِ سینہ مثلاً سِل، کھانسی وغیرہ کے واسطے اس سورۂ شریفہ میں ایک دعا ہے۔ کیونکہ آج کل ڈاکٹروں نے یہ تحقیقات کی ہے کہ پھیپھڑے میں باریک کیڑے ہوتے ہیں جن کو جِرْمز کہتے ہیں۔ جب وہ پیدا ہوجاتے ہیں تب پھیپھڑا زخمی ہوکر سِل کی بیماری اور کھانسی پیدا ہوجاتی ہے۔ جنّ بھی ایک باریک اور مخفی شے کو کہتے ہی۔ اس سورة میں ان اشیاء کے شر سے پناہ چاہی گئی ہے۔ جو سینہ کے اندر ایک خرابی پیدا کرتے ہیں۔ ناظرین اس کا تجربہ کریں۔ لیکن صرف جنتر منتر کی طرح ایک دعا کا پڑھنا اور پھونک دینا بے فائدہ ہے، سچے دل کے ساتھ یہ سورة اور معنی کو بطور دعا کے مریض اور اسکے معالج اور تیماردار پڑھیں اور مریض کے حق میں دعا کریں تو اللہ تعالیٰ غفور رحیم ہے اور بخشنے والا ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ ایسے بیماروں کو اس کلامِ پاک کے ذریعہ شفا حاصل ہو۔ واللہ اعلم بالصواب۔
اس سورۂ شریفہ کے شانِ نزول کے بارہ میں حدیث شریف میں آیا ہے۔ کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ آج کی رات مجھ پر اس قسم کی آیات نازل ہوئیں کہ ان جیسی میں نے کبھی نہیں دیکھیں وہ معوذتَین ہیں۔ ابو سعید خدریؓ کہتے ہیں کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم جنّ و انس کی نظرِ بَد سے پناہ مانگا کرتے تھے، مگر جب معوذتَینِ نازل ہوئیں تو آپ ؐنے اور طرح اس امر کے متعلق دعا کرنا چھوڑ دیا اور ہمیشہ ان الفاظ میں دعا مانگتے تھے۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ جب رسول اللہﷺ بیمار ہوا کرتے تو ان دونوں سورتوں کو پڑھ پڑھ کر دَم کیا کرتے تھے۔
اس سورہ شریفہ میں کسی مذہب پر کوئی خصوصیت سے حملہ نہیں۔ جیسے اس پاک کتاب کی ابتدائی سورت فاتحہ میں ایسی تعلیم اور دعا ہے جو سماوی اور اخلاقی مذاہب میں کسی مذہب پر ردّ نہیں۔
قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ۔ مَلِكِ النَّاسِ۔ إِلٰهِ النَّاسِ (النّاس:2 تا 4) اس سورۂ شریفہ کی ابتداء میں باری تعالیٰ نے تین نام ظاہر فرمائے ہیں۔ اور اس جلسہ (جلسہ مذاہبِ عالم) کے پہلے سوال میں ہی ایسے تین امور کا ذکر ہے کہ جس کا فرداً فرداً تعلق ان تین ناموں سے ہے۔ وہ تین انسان کی جسمانی۔ اخلاقی اور روحانی حالت کا بیان ہے۔
قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ۔ مَلِكِ النَّاسِ۔ إِلٰهِ النَّاسِ۔ میں غور فرمائیے۔ ابتداء میں انسان ایک جسم ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ أَخْرَجَكُم مِّن بُطُونِ أُمَّهَاتِكُمْ لَا تَعْلَمُونَ شَیْئًا (النحل: 79) اور بےریب انسان کا بچہ جب ماں کے پیٹ سے نکلتا ہے تو بجُز اس کے کہ اس کو جسمانی ضرورتیں سب سے پہلے پیش آتی ہیں۔ اور کن علوم کی اس کو ضرورت ہوتی ہے اور بالکل ظاہر ہے کہ اگر مولیٰ کریم ربّ العالمین انسان کی ربوبیت نہ فرماوے، اور چوسنے پھر گلے سے اتارنے کا علم نہ بخشے، پھر ہضم کی نالیاں اس غذا پر تصرف نہ کریں، پھر شریانوں میں پھیپھڑوں میں خون مصفّٰی ہوکر جُزوِ بدن نہ ہوتو انسانی نشوونما کا کیا ٹھکانا ہے۔
صاحبان انسان کی اس حالت پر نظر کرو جو اس کی نطفگی کی حالت میں لاحق ہے۔ اور ہر انسان کے اس کمال استواری پر نظر کر جاؤ جس میں وہ اپنے دائرہ کمال کی تکمیل کرتا ہے اور پھر انصاف سے دیکھو کہ یہ تمام سامان کمالاتِ جسمانیہ اپنے اصول و فروع سے کس نے عطا فرمائے۔ تو آپ یقین فرمائیں گے کہ یہ تمام سامان کمالاتِ جسمانیہ اپنے اصول و فروع سے کس نے عطا کئے فرمائے۔ تو آپ یقین فرمائیں گے کہ ایک رب النّاس جس نے اس کو ایک طرف جذب موادِ طیبہ کی طاقتیں عطا فرمائیں۔ دوسری طرف موادِ طبیہ کا بےانت خزانہ مہیا فرما دیا۔ چونکہ وہ ذاتِ پاک طیب اور ہر ایک خبث و نجاست سے منزّہ ہے۔ انسان کے جسمانی حالات کی ترقی کے لئے بھی اس نے کیسے کیسے اسبابِ طبیہ مہیا کردئیے ہیں۔
جب انسان اپنی جسمانی حالت کی ایک حد تک تکمیل کرلینا ہے تو اس کی عمدہ پرورش کے بعد انسان کے اخلاق کا نشوونما ہوتا ہے۔ کبھی اس کو انواع و اقسام کی خواہشیں پیدا ہوتی ہیں۔ اس لئے رنگا رنگ خوارک کے لئے قسم قسم کے غلّہ، پھل، پانی، عرق، شیرینیاں، تُرشیاں جمع کرتا ہے۔ پہننے کے واسطے اور ایسا ہی گرمی، سردی، ہوا، روشنی، بارش اور گرد و غبار سے بچنے کے لئے، ایسا ہی محنت و مزدوری عیش و عشرت، جنگ وغیرہ حالاتِ مختلفہ کے لئے اسے مختلف اسباب مہیا کرنے پڑتے ہیں۔ اپنے آرام کی خاطر اس کو مکانات بنانے پڑتے ہیں، جن میں انسان کو گرمی، سردی، غبار، بارش کا لحاظ کرنا پڑتا ہے۔ اپنی ضروریات کے واسطے مختلف قسم کی چیزیں رکھنا چاہتا ہے۔
قوائے شہوانیہ اور بقائے نسل کے خیال سے اس کو اپنے جوڑے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ قوائے غضبیہ کو بھی اسے جوش میں لانا پڑتا ہے۔ جب دیکھتا ہے کہ اس کے اغراض اور مطالب ضروریہ اور صحیحہ میں کوئی روک ڈالتا ہے، انسان اپنے مطالبِ جسمانیہ اور اخلاقیہ میں گاہے قوّتِ استقلال و ہمت بلند کے ساتھ، شجاعت و بہادری سے بھی کام لینا پڑتا ہے۔ اور جب اس کے بنی نوع سے کوئی اس کا مقابلہ کرتا ہے اور اس کے اغراض و مطالب اور شہوات و بلند حوصلگی و کامیابی سے حملہ کرتا ہے تو اس کو بادشاہوں اور حکام کی احتیاج پڑتی ہے اور کبھی حکام میں سے اس کا محتاج الیہ حاکم، قوت عدل انصاف، رحم، شفقت، غوروفکر سے کام نہیں لیتا، تو اس کی فطرت کو ایک ایسی عظیم الشان طاقت کی طرف جھکنا پڑتا ہے جو سب حکّام کا حاکم اور سب بادشاہوں کا بادشاہ ہے اس کے حضور گڑگڑاتا ہے کہ میرے دشمنوں اور میرے دشمنوں اور میرے ظالم حاکموں کا تو انصاف کر اور میرے مطالب و مقاصد میں تو میرا انصاف فرما۔ اس بادشاہٍ عظیم الشان کا نام مَلِکِ النَّاسِ ہے۔
نیز خود انسان کے لئے اگرچہ اکثر اوقات ایسے بادشاہ ہوتے ہیں جو اس کو جرائم کے ارتکاب اور امن کی خلاف ورزی پر سزا دیتے ہیں۔ مگر بعض جگہ اور بعض موقعوں پر یا تو حکام و بادشاہ موجود ہی نہیں ہوتے جیسے بعض مہذب بلاد میں بھی بعض اوقات ایسا معاملہ پیش آجاتا ہے اور بعض مکانات اور میدانوں، پہاڑوں میں ایسا اتفاق ہوتا ہے اور غیر مہذب بلاد میں تو اکثر ہی ایسے مواقع پیش آتے رہتے ہیں۔ نیز ارتکابِ جُرم کے وقت اگر دنیوی حکام اور ناظم اگرچہ اپنے قوانین کی رُو سے انسان کی اخلاقی حالت اور انسان کی جسمانی حالت پر اثر ڈال سکتے ہیں… مگر انسان کے ان اندرونی جوشوں پر جس کے باعث کوئی انسان جُرم کا ارتکاب کرتا ہے ایک ایسی زبردست طاقت کا اعتقاد انسان کی اخلاقی حالت کی اصلاح کے لئے ضروری ہے جس کی نگہبانی پر یقینِ انسان یہاں تک بڑھا ہوا ہو کہ وہ انسان کے موجودہ یا آئندہ ارادوں کا علم رکھتا ہے اور یہ بھی بداخلاق کو سزا دیتا ہے۔ اس کا نام اس سورۂ شریف میں ملک النّاس ہے۔ کیا معنے؟ وہ بادشاہ جو انسان کے قویٰ علمیہ اور عملیہ اور انسانی علم و عمل اور انسانی کرم اندریوں بلکہ گیان اندریوں پر حکمران ہے۔ پھر جسمانی حالت دونوں کی تکمیل کے بعد انسان کی روحانی حالت زور پکڑتی ہے، اور ظاہر ہے کہ جب انسان کا جسم کمال پر پہنچا اور ہر قسم کی تکالیف سے صحیح و تندرست ہوا تو انسان کو اخلاقِ فاضلہ کی ضرورت ہے، مگر جب جسم و اخلاق دونوں کمال کو پہنچ جاویں تو اب اس کو ابدی اور لازوال آرام کی خواہش پیدا ہوتی ہے۔ اگر بقاء کی خواہش انسان کی فطرت و جبلت میں نہ ہوتی تو علمِ طب کی یہ ترقی نہ دیکھتے جو آج نظر آتی ہے اور مذہب کی تحقیق پر کوئی جلسہ نہ ہوتا۔ نیکی اور نیک جلسہ کے اصول منضبط نہ ہوتے۔
روح کی کامل محبت اور پورا پیار اور پوری چیز جس میں روح کو کامل طمانیت ہے اس کا نام ہے اسلام میں اللہ۔
تمام تعلقات سے خواہ جسمانی ہوں یا خواہ اخلاقی، اندرونی ہوں یا بیرونی، جب انسان کو آرام نہیں ملتا تو جو نام انسان کے لئے راحت بخش ہے اس کا نام ہے اِلٰہِ النَّاسِ۔ انسان کا اصل مطلب اور غایت درجہ کا محبوب اور معبود۔
غرض انسان نے تینوں حالتوں جسمانی، اخلاقی، روحانی میں جو جسم کا مربی، قویٰ کا مربی، روح کا مربی، اس کو اس سورہ میں ربّ النّاس کہا ہے اور وہ ذات جسمانی، اخلاقی، روحانی افعال، اقوال، اعتقادات پر جزا دیتا ہے تب اس کا نام ہے۔ مَلِکِ النَّاس۔ اور جب وہ انسان کا اصل غرض ذاتی محبوب، غایت مقصود بنتا ہے تو اس کو اِلٰہِ النًّاس کہا ہے۔
اب غور فرمائیں کہ جب ہر صورت میں انسان کی حالتوں کی طرف اشارہ کرکے اللہ کریم نے فرمایا کہ ربّ بھی مَیں ہوں اور بادشاہ بھی میں ہوں اور محبوب و مطلوب اور غایتِ مقصود بھی مَیں ہی ہوں تو میرے بندو! مجھ کامل پاک ذات سے پناہ مانگ لو اور کہہ دو، ہاں ہر ایک انسان تم سے کہہ دے کہ میں ربوبیت اور ضرورتِ حکومت میں اور ضرورتِ محبت میں ربّ النّاس، مَلِکِ النَّاس، اِلٰہ النِّاس کی پناہ مانگتا ہوں اور پناہ بھی کس امر میں۔ مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاسِ۔ الَّذِی یُوَسْوِسُ فِی صُدُورِ النَّاسِ۔ مِنَ الْجِنَّةِ وَالنَّاسِ (الناس: 5 تا 7) یہ قرآن کی آخری سورة کیسی بے نظیر اور لطیف ہے جس میں یہ بیان ہے کہ تم اللہ کریم، المولیٰ، الروؤف الرحیم، ربّ النَّاس، ملک النَّاس، اِلٰہ النَّاس سے پناہ مانگ لو تمام ان غلطیوں اور وسوسوں سے جو کسی مُوَسْوِسْ کے نظارہ یا کلام سے بندہ کو ہوں کیونکہ ان وسوسوں کی مثال ہوبہو اس تکلیف رساں کُتّے کی سی ہے جو آٹھوں پہر کاٹنے کے لئے تیار ہے جس طرح کُتّے سے بچنے کے لئے ہم کو اس کے مالک کی پناہ مانگنی ہے اور اگر اس کا مالک ہمیں بچانا چاہے اور اس کُتّے کو دھتکار دے تو کیا مجال کہ وہ کتا کسی کو کاٹ کھائے اسی طرح انسانی یا شیطانی وسوسوں سے بچنا بھی اس وجود کی پناہ سے ہوگا جو کل مخلوقات کا ربّ اور مالک اور محبوب ہے۔
وسواس نام ہے ہر ایک ایسی چیز کا جس کا بُرا ہونا ہم سے مخفی رہ گیا اور جس کی بدی سے ہم بےخبر رہے اور اس کی شرارت ہمارے جسم پر یا اخلاق پر روحانی معاملات پر اثر ڈالتی ہو یا ڈالا ہو اور ہمیں اس کی اطلاع نہ ملی ہو۔ چاہے وہ مخفی چیز ہو چاہے وہ انسان، ہاں شیطان بصورت انسان سے۔ میں اپنے لئے آپ یہ دعا مانگتا ہوں اور آپ کو یہ دعا مانگنے کی سفارش کرتا ہوں کہ اس جلسہ میں جو کچھ ہم نے سنا۔ اس میں سے جو کچھ ہمارے جسم، اخلاق اور روح کے لئے مفید نہ ہو بلکہ کسی نہ کسی مخفی طریق سے وہ نقصان رساں ہو اس سے آپ پناہ مانگیں جو ربّ النّاس، ملک النَّاس اور اِلٰہِ النَّاس ہے کیونکہ انہیں تین صفات کے ماتحت انسانی جسم، اخلاق اور روح کی تکمیل ہوتی ہے۔
اس سورة کو اخیر میں لانے میں یہ حکمت ہے کہ قرآن کر ختم کرکے اور شروع کرتے ہوئے اَعُوْذُ پڑھنا چاہیے۔ چونکہ یہ طریق مسنون ہے کہ قرآن کریم ختم کرتے ہی شروع کردینا چاہیے، اس لئے نہایت عمدہ موقعہ پر یہ سورة ہے۔ بخاریؒ صاحب نے اپنی کتاب کو اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّیَّاتِ سے شروع کیا ہے، تاکہ سامعین لوگ اور معلّم اور متعلّم اپنی اپنی نیتوں پر غور کرلیں۔ یاد رکھو جہاں خزانہ ہوتا ہے وہیں چور کا ڈر ہے۔ قرآن مجید ایک بےبہا خزانہ ہے۔ اس لئے خطرۂ شیطانی عظیم الشان ہے۔ قرآن کے ابتداء میں یُضِلُّ بِہٖ کَثِیْراً پڑھ کر دل کانپ جاتا ہے اپنی رسومات کے ادا کرنے کے لیے تو مکان بلکہ زمین تک بیچنے سے بھی نہیں ڈرتے، مگر خدا کے لیے ایک پیسہ نکالنا بھی دوبھر ہے۔ ایک قرآن پر عمل کرنے سے پہلوتہی ہے اور خود وضعداری و تکلّف و رسوم کے ماتحت جو کچھ کرتے ہیں اس کی کتاب بنائی جاوے تو قرآن سے دس گنا حجم میں ضخیم ہے۔
بعض لوگ کہتے ہیں کہ خداتعالیٰ غفور رحیم ہے، اس کو ہماری عبادت کی ضرورت کیا ہے۔ حالانکہ وہ دیکھتے ہیں کہ دنیا میں بھی بدپرہیزیوں سے اور احکام کی خلاف ورزی سے دکھ ضرور پہنچتا ہے۔ پس گناہ سے اور احکم الحاکمین کی خلاف ورزی سے کیوں سزا نہ ملے گی۔ ان تمام اقسام کے وسوسوں اور غلط فہمیوں سے (جو اضلال کا موجب ہیں)۔ بچنے کے لیے یہ صورت سکھائی گئی ہے۔ اَعُوْذ ان چھوٹے پودوں کو کہتے ہیں جو بڑے درختوں کی جڑ کے قریب پیدا ہوتے ہیں۔ ہر آدمی کو ایک ربّ کی ضرورت ہے دیکھو انسان غذا کو گڑبڑ کرکے پیٹ میں پہنچا لیتا ہے۔ اب اسے دماغ میں، دل میں، اعضائے رئیسہ میں بحصہ رسدی پہنچانا یہ ربّ کا کام ہے۔ اسی طرح بادشاہ کی ضرورت ہے، گاؤں میں نمبردار نہ ہو، تو گاؤں کا انتظام ٹھیک نہیں۔ اسی طرح تحصیلدار نہ ہو تو اس تحصیل کا، ڈپٹی کمشنر نہ ہو تو ضلع کا کمشنر نہ ہو تو کمشنری کا، اسی طرح بادشاہ نہ ہو تو اس ملک کا انتظام درست نہیں رہ سکتا اور اس کی مملکت کے انتظام کے لئے بھی ایک مَلِک کی حاجت ہے۔ پھر انسان اپنی حاجتوں کے لیے کس حاجت روا کا محتاج ہے۔ ان تینوں صفتوں کا حقیقی مستحق اللہ ہے۔ اس کی پناہ میں مومن کو آنا چاہیے۔ تا چھپے چھپے پیچھے لے جانے والے مانع ترقی، وسوسوں سے امن میں رہے۔ اسلام کی حالت اس وقت بہت ردّی ہے ہر مسلمان میں ایک قسم کی خود پسندی اور خودرائی ہے۔ وہ اپنے اوقات کو اپنے مال کو خدا کی ہدایت کے مطابق خرچ نہیں کرتا۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو آزاد بنایا، پر کچھ پابندیاں بھی فرمائیں، بالخصوص مال کے معاملہ میں، پس مالوں کے خرچ میں بہت احتیاط کرو۔ اس زمانہ میں بعض لوگ سود لینا دینا جائز سمجھتے ہیں۔ یہ بالکل غلط ہے، حدیث میں آیا ہے، سود کا لینے والا، دینے والا بلکہ لکھنے والا اور گواہ سب خدا کی لعنت کے نیچے ہیں۔ میں اپنی طرف سے حقِ کی تبلیغ ادا کرکے تم سے سبکدوش ہوتا ہوں میں تمہاری ایک ذرہ بھی پرواہ نہیں رکھتا۔ میں تو چاہتا ہوں کے تم خدا کے ہو جاؤ، تم اپنی حالتوں کو سنوارو خدا تمہیں عمل کی توفیق دے۔ آمین۔(بدر مؤرخہ 22 جولائی 1909ء صفحہ 2)
متی کی انجیل کا پہلا صفحہ اٹھا کر دیکھو، وہاں کیا لکھا ہے، نسب نامہ یسوع مسیح داؤد اور ابراہیم کے بیٹے کا، ابراہام سے اسحاق پیدا ہوا اور اسحاق سے یعقوب پیدا ہوا… متان سے یعقوب پیدا ہوا اور یعقوب سے یوسف پیدا ہوا۔ جو مریم کا شوہر تھا جس کے پیٹ سے یسوع جو مسیح کہلاتا ہے پیدا ہوا۔
حالانکہ یہ وہ کام ہے جو ہمارے ملک میں تو میراثی کرتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں قرآن مجید شروع ہوتا ہے الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِینَ سے۔ یہ وہ آیت ہے جس سے تمام مذاہب کا ردّ ہوتا ہے نہ یسوعیوں کا خداوند اقنوم ثالث رہ سکتا ہے، نہ بلامبادلہ کے بہانے کسی بے گناہ کو پھانسی چڑھا نا پڑتا ہے، اور نہ آریوں کا مادہ روح ازلی و ابدی بن سکتا ہے اور نہ تناسخ والوں کی کوئی دلیل باقی رہتی ہے، جس کا ردّ اس سے نہ ہوسکے، نہ سوفسطائیوں کے لیے تاب ہے، اور نہ برہموؤں کو مسئلہ الہام میں تردد رہ سکتا ہے، اور نہ ہی شیعہ صحابہ کرام پراعتراض کرسکتے ہیں، نہ دہریہ کسی حجّتِ نیرہ کی بناء پر خدا کی ہستی کے منکر رہ سکتے ہیں، یہ تو ایک آیت کے متعلق ہے۔ اگر سات آیتیں پڑھی جا ویں، تو پھر تمام مذاہب کی صداقتوں کا عطر مجموعہ اس میں ملتا ہے۔ اور دنیا کے آخر تک پیش آنے والے دینی اہم واقعات کی خبر اس میں موجود ہے۔ چنانچہ نصاریٰ کے غلبہ اور مسیح کی آمد ثانی کی پیشگوئی بھی موجود ہے۔ ان تمام مفاسد و عقائد فاسدہ کا ابطال ہے۔ جو دنیا میں پیدا ہوئے یا ہوسکتے ہیں۔ اور ان اعمال صالحہ و عقائد صحیحہ کا تذکرہ ہے جو انسان کی روحانی و جسمانی ترقیات کے لیے ضروری ہیں۔
اسی طرح انجیل کا اخیر دیکھو۔ اس میں لکھا ہے کہ یسوع جو خداوند کہلاتا ہے، اپنے دشمنوں کے قبضے میں آگیا، اور اس نے ایلی ایلی لما سبقتانی (یعنی اے میرے خدا تو نے مجھے کیوں چھوڑ دیا) کہتے ہوئے اپنی جان دی۔ برخلاف اس کے قرآن مجید ختم ہوتا ہے۔ قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ۔ مَلِكِ النَّاسِ۔ إِلٰهِ النَّاسِ۔ مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاسِ۔ الَّذِی یُوَسْوِسُ فِی صُدُورِ النَّاسِ۔ مِنَ الْجِنَّةِ وَالنَّاسِ
قرآن مجید پڑھنے والا، قرآن شریف کا متبّع بڑے زور سے علی الاعلان دعویٰ کرتا ہے، میں خدا کی پناہ میں ہوں، جو تمام انسانوں کو پیدا کرنے والا اور پھر انہیں کمال تک پہنچانے والا ہے۔ وہ سب سے حقیقی بادشاہ حقیقی معبود ہے۔ اللہ اکبر۔ ایک معمولی تھانے دار یا صاحب ضلع بلکہ نمبردار اور پٹواری کی پناہ میں آکر کئی لوگ مطمئن ہوجاتے ہیں۔ پس کیا مرتبہ ہے اس شخص کا جو تمام جہانوں کے ربّ اور بادشاہ اور سچے معبود کی پناہ میں آجائے۔
صرف اس کتاب کا اوّل وآخر ہی اسلام اور عیسائیت میں فیصلہ کن ہے۔ اگر کوئی خدا ترس دل لے کر غور کرے۔
(حقائق الفرقان جلد چہارم صفحہ 579 تا

