درس قرآن کریم
يٰٓاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا يَحِلُّ لَكُمْ اَنْ تَرِثُوا النِّسَآءَ كَرْهًا وَلَا تَعْضُلُوْهُنَّ لِتَذْهَبُوْا بِبَعْضِ مَآ اٰتَيْتُمُوْهُنَّ اِلَّآ اَنْ يَّاْتِيْنَ بِفَاحِشَةٍ مُّبَيِّنَةٍ١ۚ وَعَاشِرُوْهُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ١ۚ فَاِنْ كَرِهْتُمُوْهُنَّ فَعَسٰٓی اَنْ تَكْرَهُوْا شَيْـًٔا وَّيَجْعَلَ اللّٰهُ فِيْهِ خَيْرًاكَثِيْرًا(سورةالنساء :20)
ترجمہ
اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو! تمہارے لئے جائز نہیں کہ تم زبردستی کرتے ہوئے عورتوں کا ورثہ لو۔ اور انہیں اس غرض سے تنگ نہ کرو کہ تم جو کچھ انہیں دے بیٹھے ہو اس میں سے کچھ (پھر) لے بھاگو، سوائے اس کے کہ وہ کھلی کھلی بےحیائی کی مرتکب ہوئی ہوں۔ اور ان سے نیک سلوک کے ساتھ زندگی بسر کرو۔ اور اگر تم اُنہیں ناپسند کرو تو عین ممکن ہے کہ تم ایک چیز کو ناپسند کرو اور اللہ اس میں بہت بھلائی رکھ دے۔
تفسیر
لَا يَحِلُّ لَكُمْ اَنْ تَرِثُوا النِّسَآءَ كَرْهًا: ایک عورت کا خاوند آیا کہ میری بیوی کو آتشک ہوگیا ہے۔ وہ بی بی بہت نیک تھی۔ مجھے یقین نہ آیا۔ آخر اس نے اقرار کیا کہ مجھے یہ خاوند پسند نہیں۔ اس لئے بہانہ بنایا ہے۔كَرِهْتُمُوْهُنَّ: عورت سے کوئی مکروہ اَمر دیکھو تو نیک برتاؤ کرے۔ اس میں تمہارے لئے خیرِکثیر ہے۔لَا يَحِلُّ لَكُمْ اَنْ تَرِثُوا النِّسَآءَ كَرْهًا: حلال نہیں تم کو کہ میراث میں لو عورتیں زور سے۔ تَرِثُوا النِّسَآءَ كَرْهًا:کہ عورت کو مشقت میں ڈالو۔ اور خواہ مخواہ ان کو اپنی ورثہ سمجھنے لگو۔وَلَا يَحِلُّ لَكُمْ اَنْ تَرِثُوا النِّسَآءَ كَرْهًا: اور جائز نہیں کہ تم اکراہ سے عورتوں کے وارث بن جاؤ۔ ناظرین! منصفانہ طور پر اس آیت کے معنی میں غور کرو۔ تاکیدِمعاشرت کے واسطے قرآن مذہبی طور پر کیسے سخت اور لطیف طرز اختیار کرتا ہے۔ اس آیت میں فرمایا۔ اگر کسی باعث سے بی بی ناپسند اور ناگوار ہو تب بھی سلوک ہی کرو۔ اس سلوک کے بدلے ہم تم کو بہت ہی بھلائی دیں گے۔
عورت مرد کے تعلق کی آپس میں ایسی خطرناک ذمہ داری ہوتی ہے کہ بعض اوقات معمولی معمولی باتوں پر حُسن وجمال کا خیال بھی نہیں رہتا اور عورتیں کسی نہ کسی نہج میں ناپسند ہوجاتی ہیں اور ان کے کسی فعل سے کراہت پیدا ہوتے ہوئے کچھ اور کا اور ہی بن جاتاہے۔ اس لئے خداتعالیٰ نے فرمایا۔ وَعَاشِرُوْهُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ فَاِنْ كَرِهْتُمُوْهُنَّ فَعَسٰٓی اَنْ تَكْرَهُوْا شَيْـًٔا وَّيَجْعَلَ اللّٰهُ فِيْهِ خَيْرًاكَثِيْرًا۔ پس عزیزو! تم دیکھو۔ اگر تم کو اپنی بیوی کی کوئی بات ناپسند ہوتوتم اس کے ساتھ پھر بھی عمدہ سلوک ہی کرو۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ ہم اس میں عمدگی اور خوبی ڈال دیں گے۔ ہوسکتا ہے کہ ایک بات حقیقت میں عمدہ ہو اور تم کو بُری معلوم ہوتی ہے
وَعَاشِرُوْهُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ: تم عورتوں کے ساتھ مہربانی اور محبت کا برتاؤ کر۔ اِنْ كَرِهْتُمُوْهُنَّ اور اگر تمہیں ان کی کوئی بات ناپسند ہوتو تم ہماری سفارش کو مان لو اور یاد رکھو کہ ہم ہر ایک امر پر قادر ہیں۔ ہم تمہیں بہتر سے بہتر بدلہ دیں گے۔
ایک لڑکے کی نسبت میں نے سنا کہ وہ اپنی بیوی سے بداخلاقی سے پیش آتا ہے۔ میرے سسرال کا گھر ہمارے شہر میں ہمارے گھر سے دور تھا بیوی تو میرے گھر ہی ہوتی تھی مگر میں اکثر اپنے سسرال جایا کرتا تھا راستہ میں وہ لڑکا مجھے مل گیا۔ میں نے اسے کہا کہ میں نے ایک نسخہ لکھا ہے وہ میں تم کو بتانا چاہتا ہوں اور وہ یہ ہے۔ وَعَاشِرُوْهُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ١ۚ فَاِنْ كَرِهْتُمُوْهُنَّ فَعَسٰٓی اَنْ تَكْرَهُوْا شَيْـًٔا وَّيَجْعَلَ اللّٰهُ فِيْهِ خَيْرًاكَثِيْرًا۔ اس کے دل پر ہماری اس نصیحت کا بجلی کی طرح اثر ہوا۔ میں تاڑ گیا کہ اس پر خوب اثر ہوا ہے۔ مجھے کہنے لگا مجھے ایک کام ہے۔ اجازت دیجئے۔ وہاں سے سیدھا بی بی کے پاس گیا۔ اور اس سے کہا کہ دیکھ تجھے معلوم ہے کہ میں تیرا ایسا دشمن ہوں۔ اس نے کہا ہاں مجھے معلوم ہے۔ اس لڑکے نے کہا کہ میں آج نورالدین کی نصیحت کو آزمانے کےلئے تیرے ساتھ سچی محبت کرتا ہوں۔ چنانچہ ان کے ہاں ایک بڑا خوبصورت لڑکا پیدا ہوا۔ پھر اور پیدا ہوا۔ پھر پیدا ہوا، پھر اور پیدا ہوا۔
وَعَاشِرُوْهُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ: جہاں تک ہوسکے ان سے بھلائی کرو۔ تم ان سے نیکی کرو۔ پھر اللہ تعالیٰ تم کو اس کے عوض بہتر سے بہتر اجر دے گا۔ چونکہ میرا مطالعہ بہت ہے۔ اور مرد عورتوں کو اکثر درس دینے کا مجھے موقع ملا ہے اس لئے مرد اور عورتوں کی طبائع کا مجھے خوب علم ہے اور ان کی فطرت سے خوب واقف ہوں۔ میرے خیال میں عورتیں چشم پوشی اور ترس کی مستحق ہیں۔(حقائق الفرقان جلد دوم صفحہ 12، 13)


