وہ غذائیں جو بڑھتی عمر کے باوجود آپ کی جِلد کو جوان رکھتی ہیں؟
-بی بی سی نیوز
جلد ہمارے جسم کا سب سے بڑا عضو ہے اور اسے زندگی بھر ہمارا ساتھ دینا ہوتا ہے۔ جلد کی اچھی دیکھ بھال نہ صرف ہمیں جوان اور تروتازہ نظر آنے میں مدد دیتی ہے بلکہ یہ ہماری مجموعی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
جِلد ہمارے جسم اور جس ماحول میں ہم رہتے ہیں، اس کے درمیان ایک حفاظتی دیوار بھی ہے۔ اور اسی لیے اسے مختلف عوامل سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔
’لیبنز ریسرچ انسٹیٹیوٹ فار انوائرنمنٹل میڈیسن‘ میں جلد کے امراض کے پروفیسر ژاں کروٹمین کے مطابق ’فضائی آلودگی اور بدلتا ہوا موسم بھی جلد کی ساخت کو ترتیب دینے میں کردار ادا کرتے ہیں۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ’کئی دہائیوں تک ہم سمجھتے رہے کہ سورج سے نکلنے والی الٹرا وائلٹ (یو وی) شعاعیں ہماری جلد کی ظاہری حالت بدلنے عمر بڑھنے کی سب سے بڑی وجہ ہیں، لیکن اب ہم جانتے ہیں کہ ایسا نہیں ہے۔‘
تاہم، پروفیسر کروٹمین کے مطابق سورج کی روشنی میں موجود دوسری شعاعیں جلد کو منفی انداز میں متاثر کر سکتی ہیں۔ ان میں انفراریڈ شعاعیں بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’درجہ حرارت میں اضافہ بھی جلد پر منفی اثر ڈالتا ہے۔‘
انسانی عمر کا بڑھنا بھی جلد میں تبدیلیوں کی ایک اہم وجہ ہے۔ کسی انسان کی عمر بڑھنے کے ساتھ جلد میں کولیجن نامی پروٹین کی مقدار بتدریج کم ہونے لگتی ہے۔ کولیجن نامی یہی پروٹین جلد کو ساخت فراہم دیتا ہے، اسے مضبوط بناتا ہے اور جھریاں پڑنے اور ڈھلکنے سے بچانے میں مدد کرتا ہے۔
لیکن جلد کو صحتمند اور بہتر حالت میں رکھنے کے ایک اہم پہلو پر اکثر توجہ نہیں دی جاتی اور وہ ہے ہماری خوراک۔


