کامیاب ازدواجی زندگی
تحریر: حرا احمد
زندگی کی ساری خوبصورتی اور رعنائیاں ایک اچھے جیون ساتھی کے دم قدم سے ہیں۔ اس لیے میاں بیوی پر لازم ہے کہ وہ ایک دوسرے کے بہترین جیون ساتھی بننے کے لئے اچھی سوچ کے ساتھ ساتھ اچھے اعمال، اچھی عادتوں اور اچھی خوبیوں کو اپنی ذات اور زندگی کا حصہ بنائیں۔ میاں بیوی خود کو ایک دوسرے کا اچھا جیون ساتھی ثابت کرکے نا صرف اپنا آج اور کل روشن بنا سکتے ہیں بلکہ اس طرح وہ آنے والی نسلوں کی زندگیوں کو بھی اپنی محبت کی خوشبو سے سرشار کر سکتے ہیں۔ اچھے جیون ساتھی ہی بعد میں اچھے والدین بنتے ہیں۔بطور میاں بیوی اپنی زندگی کا خاص مقصد حیات طے کیجئے اور اپنی ساری توانائیاں اور طاقت اپنے مقصد کو پانے اور حاصل کرنے پر صرف کر دیجئے، زندگی کی بڑی سے بڑی کامیابی آپ کے قدموں میں ہوگی۔
کامیاب ازدواجی تعلق کی مضبوط بنیاد کیلئے ایک دوسرے کو سمجھنے کی اہلیت کو خوب اچھی طرح پھلنے پھولنے کا موقع دینا ضروری ہے۔ ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی قابلیت کو پیدا کرنا بھی لازم ہے۔ ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھنے کے فن کا نام کامیاب ہم آہنگی ہے۔ دوسرے کی خوشیوں کا خیال اور عزت و توقیر کا جذبہ اسی صورت میں پیدا ہوتا ہے جب دونوں اطراف سے ذہنی فاصلوں کو کم سے کم تر کرنے کی مسلسل سعی ہوتی رہے۔ ایک دوسرے کی ذات اور سوچ سے آگہی محبت کے رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر کرنے کا باعث بنتی ہے۔ اپنی ازدواجی زندگی کو محبت جیسے انمول اور لافانی جذبے سے مزین کر کے اسے بے پناہ کامیابیوں اور کامرانیوں کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ محبت کے رشتے کو مضبوط کرنے کے لئے آپ کو ہر ممکن کام کرنا چاہئے۔ اس کیلئے ایک دوسرے کی بات کو توجہ سے سننا چاہئے۔ دوسرے ساتھی کی اچھی بات کو اہمیت دینی چاہئے؛ جہاں ضروری ہو حوصلہ افزائی بھی کرنی چاہئے۔ لطف و مہربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر ایک دوسرے کی ہمت بڑھانی چاہئے۔
ایسا کرنے سے دونوں کا ایک دوسرے پر اعتماد اور بھروسہ زیادہ ہوگا اور مضبوط اور دائمی تعلق استوار ہوگا۔رشتوں کو برقرا رکھنے کیلئے ان کے درمیان محبت سب سے اہم اور ضروری چیز ہے۔ خاص طور پر میاں بیوی کے رشتے اور تعلق کی مضبوطی کیلئے ایک دوسرے کو سمجھنا بھی لازمی ہے۔ اپنے جیون ساتھی کو سمجھے بغیر اچھا ازدواجی تعلق پروان چڑھانا تقریباً ناممکن ہے۔
شادی شدہ زندگی کو کامیاب بنانے کے لئے ایک دوسرے کو برداشت کرنا ضروری ہے۔ برداشت کا مادہ کامیاب جوڑوں میں روح کی طرح ہوتا ہے۔ جیسے روح کو جسم کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح بہترین ازدواجی زندگی گزارنے کے لئے برداشت کی ضرورت پڑتی ہے۔ ایک دوسرے کی چھوٹی موٹی غلطیاں صبر کے ساتھ برداشت کرنا اور یہ خیال کرنا کہ اگر کچھ خامیاں ہیں تو خود آپ بھی خامیوں سے پاک نہیں اس لئے دوسرے کی خامیوں کو بھول جایئے۔ ہمارا مزاج ہماری شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔ کامیاب جوڑوں کے لئے ایک دوسرے کے رنگ میں رنگ جانا ہی اصل کامیابی ہے۔ جن لوگوں میں ایک دوسرے کو برداشت کی کمی ہوتی ہے ان کی ازدواجی زندگی عام طور پر مشکلات کا شکار رہتی ہیں۔
ہم نے دیکھا ہے کہ شادی شدہ جوڑوں کے درمیان نوک جھونک کبھی کبھی جھگڑے کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔ بسا اوقات تو یہ معمولی نوک جھونک ہاتھا پائی تک جا پہنچتی ہے۔ یوں چھوٹے چھوٹے مسائل بڑی بڑی پریشانیوں کا باعث بننے لگتے ہیں۔ اچھی خاصی شادی شدہ زندگی دکھوں کی داستان بن جاتی ہے ۔ اس کی بڑی وجہ میاں بیوی کے درمیان اچھی انڈر اسٹینڈنگ کا فقدان ہے۔
یہ رشتہ کئی گھروں میں بعض دوستوں یا رشتے داروں کی جانب سے پیدا کردہ نفرتوں اور سازشوں کا شکار ہوجاتا ہے یہ لوگ شک کو جنم دیتے ہیں ۔جبکہ ازدواجی زندگی کی ناکامی کا ایک بڑا سبب شک بھی ہے۔ اگر دل میں شک آجائے تو گھر ٹوٹ جاتے ہیں کیونکہ یہ رشتوں کو کھا جاتا ہے ۔
ایک اچھا ماحول انسان کی زندگی میں بڑا اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جس طرح کے ماحول میں آپ جی رہے ہیں ،اپنے مزاج کو بھی ویسا ہی پائیں گے۔ شک کو دور کرنے کے لئے اپنے جیون ساتھی کو وقت دیناضروری ہے تاکہ جو بھی غلط فہمی ہو مل بیٹھ کر ختم کر لی جائے۔ مل کر کتابیں پڑھنا، کسی ٹاپک پہ آپس میں گفتگو کرنا، چھوٹی موٹی شرارتیں کرنا اور سیر و تفریح پر ساتھ جانا جیسے کاموں سے بھی رشتے مضبوط ہوتے ہیں۔یہ سب کام ایک اچھے ماحول کو بنانے اور ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے میں معاون بنتے ہیں۔
کامیاب جوڑے اپنے جیون ساتھی کیلئے وقت نکالتے ہیں۔ بہت سے جوڑے خستہ حال زندگی گزار رہے ہیں، مگر اس کی وجہ وہ خود ہیں۔ وہ دوسرے ساتھی کو وقت نہیں دے سکے جس سے رشتہ کمزو ر پڑ گیا۔ ایسے رشتے وقت کے ساتھ ساتھ کمزور سے کمزور تر ہوکر آخر کار ایک دن ختم ہو جاتے ہیں۔ زندگی کے اندر اس رشتے کو خوب صورت بنانے کیلئے چھوٹی چھوٹی قربانیوں کے ساتھ چھوٹی چھوٹی خوشیاں دینے والی باتیں، چیزیں اور روایات کو اپنانا پڑتا ہے۔ بالکل اسی طرح مضبوط رشتے کی پہلی بنیاد وقت دینا ہے۔ کہتے ہیں دنیا کی کوئی چیز اتنی خوشی نہیں دیتی جتنی کسی دوسرے کو دیا گیا اس کا اچھا وقت ہے۔
ماہر برائے ’’تعلقات تھراپی‘‘ایلن ویگنر کا کہنا ہے کہ ’’پائیدار تعلقات کا بنیادی جزو عزت ہے۔ جب ساتھی آپ کی موجودگی میں خود کو محفوظ سمجھے گا ،تو وہ اپنے جیون ساتھی کی وجہ سے خود کو زیادہ قیمتی سمجھنے لگے گا۔ یوں دونوں زیادہ خوش رہیں گے۔‘‘ اس لئے اپنے ساتھی کی دلچسپیوں اور شکایات کو سنیں۔ انہیں حل کرنے کیلئے مشورہ دیجئے۔ جب بھی کوئی مشکل پیدا ہو جائے تو حوصلہ دیں اور جب مشکل دور ہوجائے تو ایک دوسرے کو مبارکباد دیں ۔
اپنے ساتھی کو بھی آپ کی مدد کرنے کا موقع فراہم کریں۔ اپنے خوف اور خوابوں کا اعتراف کریں کہ آپ کیا پسند کرتے ہیں ، کیا آپ کو پسند نہیں ہے۔ اپنے دوستوں اور کنبے کے ساتھ جوڑے رکھیں۔ اگر آپ کا ساتھی آپ کے ہر ایک کے ساتھ مل جاتا ہے تو یہ بہت اچھا ہے ، لیکن آپ کا اپنا سماجی حلقہ رکھنا بھی ایک اچھی چیز ہے۔
دو افراد میں ہمیشہ اختلاف رائے رہتا ہے ، جو ضروری ہے۔ اختلاف رائے کے حل کیلئے بات کیجئے ،باہر کی لڑائیوں کو گھر میں مت لائیں ۔ ساتھی کو کھینچ کر رکھنے کی بجائے اس کے نقطہ نظر سے سوچیں جب اس کے جذبات سے ہمدردی کرنا سیکھیں گے تو ناراضی میں کمی آئے گی اور دونوں فریق زیادہ راضی رہیں گے۔ بہت سی خرابیاں عدم تحفظ سے منسلک ہیں ، لہٰذا ہر وقت دھمکی دینا تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ تنقیدی بحث کی بجائے تعمیری بحث کو ترجیح دیں۔ ’کچھ لو اور کچھ دو‘ پر عمل کریں، اسی میں زندگی ہے۔
نوٹ: یہ تحریر مضمون نگار کے اپنے خیالات اور رائے پر مبنی ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔


