غزل ۔ ۔ ۔ پروین شاکر
شاعرہ: پرین شاکر
راہِ دُشوار کی جو دُھول نہیں ہو سکتے
اُن کے ہاتھوں میں کبھی پُھول نہیں ہو سکتے
تیرے معیار پہ پُورے نہ اُترنے والے
منصبِ عشق سے معزُول نہیں ہو سکتے
اِتنا خُوں ہے مِرا گُلشن میں کہ اب میرے خلاف
پیڑ ہو جائیں ــــــ مگر پُھول نہیں ہو سکتے
حاکمِ شہر کے اطراف وہ پہرہ ہے کہ اب
شہر کے دُکھ اُسے موصُول نہیں ہو سکتے
خُون پینے کو یہاں کوئی بلا آتی ہے
قتل تو روز کا معمُول نہیں ہو سکتے
جُنبشِ ابروئے شاہاں نہ سمجھنے والے
کِسی دَربار میں مقبُول نہیں ہو سکتے


