نکاحی ہوکر ماری گئیں انکا کیا کریں
تحریر: ڈاکٹر طاہرہ کاظمی
”اسی طرح ماری جائیں گی اگر بے نکاحی ہو کر ایسی ویسی حرکتیں کریں گی“ ۔ جسٹس علی باقر نجفی کا یہ جملہ نہیں ایک آئینہ ہے جو انصاف تو دیتا ہے مگر یہ بھولنے کے لیے تیار نہیں کہ عورت بے نکاحی تھی۔
‘I also observed that the present case is a direct result of a vice spreading in the upper society which we know as “living relationship” in which societal compulsions are ignored so as to defy not only the law of the land but also the personal law under Islam Sharia which is a direct revolt against Almighty Allah. The young generation must note its horrible consequences such as in the present case which is also a topic for the social reformist, to discuss in their circles.’ Justice Ali Baqar Najafi
سوچا ایسے موقعے پہ ان کو یاد کر لیں جن کے پاس حکومت کے تصدیق شدہ نکاح کے سرٹیفکیٹ موجود تھے۔
مغل پورہ لاہور میں شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی انیقہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ چکی ہے۔ سر سے پاؤں تک جسم پر ضربوں کے وہ وہ نشان ہیں کہ پڑھ کر دل دہل جاتا ہے کہ مرنے سے پہلے انیقہ کا جسم بری طرح ٹوٹ پھوٹ چکا تھا۔
چکوال میں مرنے والی پروین کا جسم ضربوں کی شدت سے نیلا اور پانی میں رہنے کی وجہ سے پھول چکا تھا۔ شوہر قتل کرنے کے بعد اسے بوری میں بند کر کے جوہڑ میں پھینک آیا تھا۔ یاد رہے کہ اس عورت نے شوہر کے تشدد سے بچنے کے لیے حکومتی اداروں سے مدد لینے کی کوشش کی مگر ناکام رہی۔
باپ کی موجودگی میں بھائی کے ہاتھوں تکیے سے سانس رک جانے کے بعد مرنے والی ارم کی زبان پھول کر منہ سے باہر نکل آئی تھی۔
باپ کے پستول سے چلنے والی گولی سے ڈاکٹر سدرہ کا بھیجا کھوپڑی میں بن جانے والے سوراخ کے راستے باہر بہہ نکلا تھا۔
ڈسکہ میں سسرال کے ہاتھوں مرنے والی زارا کا سر کہیں تھا، ہاتھ اور پاؤں کہیں۔ ہر ٹکڑا چُھرے سے کاٹ کر علیحدہ کیا گیا تھا۔
ملتان میں پنکھے سے لٹکائی جانے والی ثانیہ زہرا کا جسم مضروب تو تھا ہی گلا بھی دوپٹے کے نشان سے نیلا پڑ چکا تھا۔ اور یہ کارنامہ بھی شوہر کا تھا۔
گجرات میں ڈنڈے کی شدید ضربوں سے شوہر نے حاملہ بیوی کی سب ہڈیاں چکنا چور کر کے اگلے جہان روانہ کیا۔ وجہ بیوی کے پیٹ میں بچی کا موجود ہونا تھا۔
حیدرآباد میں عینی بلیدی بھی گھر میں ہی عیاش شوہر کے پستول کی گولیوں کا نشانہ بنی تھی۔
اسلام آباد میں سارہ انعام تو نکاح کے بعد شاہ نواز کے ساتھ رہنے آئی تھی اور اس کے ڈمبل کے وار سے جان گنوا بیٹھی۔
یہ کچھ عورتیں ہیں جن کے قتل منظر عام پہ آ سکے ہیں۔ نہ جانے ان جیسی کتنی گمنام رہتے ہوئے لحد میں اتر گئیں اور کوئی جان ہی نہ سکا کہ ان کے جسم گھر والوں کے ہاتھوں کہاں کہاں سے لہولہان ہوئے؟
اب آتے ہیں نور مقدم کے قتل کی طرف جو اپنے پارٹنر ظاہر جعفر کے ہاتھوں بے دردی سے قتل ہوئیں اور وہ نکاح کے بغیر اس کے پاس گئی تھیں۔
چونکہ وہ ظاہر جعفر کے ساتھ نکاح کے بغیر مل رہی تھی سو ماری گئی۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اس قتل کا ملبہ نور مقدم پہ ڈالنے کی کوشش کی چونکہ نکاح کے بغیر غیر مرد کے کمرے میں موجودگی غیر اخلاقی حرکت تھی سو اس مرد کو یہ حق حاصل ہو گیا تھا کہ اس عورت کی گردن اتارنے میں تامل نہ کرتا۔ آخر کیوں آئی اس کے پاس بے نکاحی؟
سوال یہ ہے کہ نور مقدم کے علاوہ جتنی عورتیں قتل ہوئیں، کیا ان کے نکاح ناموں میں سقم تھا یا باپ نامعلوم کہ انہیں بھی گھر کے مردوں نے بے دردی سے قتل کر دیا۔ ان کے قتل کا قصور وار کسے ٹھہرائیں کہ وہ یا تو باپ بھائی کے گھر تھیں یا شوہر کے گھر؟
مگر یہ تمام مقتولائیں نور مقدم کے مقابلے میں خوش قسمت نکلیں کہ اعلی عدالتوں میں بیٹھے منصفین کے کاٹ دار جملوں کی زد سے بچ نکلیں۔ ڈھول تاشوں کی گونج میں ہوئے نکاح کی بازگشت نے لوگوں کی زبانوں پہ تالہ لگا دیا تھا۔
جسٹس نجفی نے قانون کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ظاہر جعفر کو سزا تو سنا دی مگر مرد ہونے کے ناتے سے پدرسری کے کلی پھندنوں سے نہ بچ سکے۔ نور مقدم کے پاس نکاح سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی ماتھے پہ شکنیں ڈالنے کے لیے کافی تھی سو وہ بھی کہے بغیر نہ رہ سکے کہ بے نکاحی کے ساتھ رہنے کا نتیجہ یہی نکلنا تھا۔ ان کا یہ جملہ ظاہر جعفر کی جارحیت، سنگدلی اور پاگل پن کی شدت کو کم کرنے کی کوشش ہے۔
یہ بالکل ایسا ہی تھا جیسے موٹر وے ریپ کیس کے بعد لاہور پولیس کے سربراہ نے تنقید کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ عورت تھی تو رات کے وقت گھر سے اکیلی نکلی کیوں؟
چلیے مان لیا کہ نور مقدم نے غلطی کی کہ ایجاب و قبول کے بغیر ظاہر جعفر کو اپنا دوست مان لیا تو کیا اس غلطی کی سزا یہ ہونی چاہیے تھی کہ اس کا سر جسم سے جدا کر دیا جاتا؟
ہاتھ جوڑ کر درخواست ہے قانون کے رکھوالوں سے اور اخلاقیات کے علمبرداروں سے کہ کچھ دیر کے لیے اپنی کنڈیشننگ کو بھولنے کی پریکٹس بھی کیا کریں جو انہیں بار بار کچوکے لگا کر یاددہانی کرواتی ہے کہ عورت کے ساتھ اگر ظلم ہوا ہے تو اس کا سبب اس کی کوئی ایسی حرکت ہے جس سے وہ قابل نفرت بن جاتی ہے اور اسے اپنی زندگی کی صورت تاوان دینا پڑتا ہے۔
حضور یاد رکھیے : جرم جرم ہے چاہے اس کے پیچھے کہانی کچھ بھی ہو۔ اور آپ کا فرض مورل پولیسنگ نہیں بلکہ معاشرے میں کمزور اور مظلوم کا ساتھ دینا ہے۔
سپیشل نوٹ : ویسے ہی مورل پولیسنگ کے ٹھیکیدار محدب عدسۂ ہاتھ میں لیے وطن عزیز کے چپے چپے پر ہر گھڑی تیار کامران کھڑے رہتے ہیں۔
نوٹ: یہ تحریر مضمون نگار کے اپنے خیالات اور رائے پر مبنی ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔


