اداریہ
عورتوں سے حسن سلوک
مدثرہ عباسی ۔ مدیرہ
عورتوں سے حسنِ سلوک کا آپ صلی اللہ علیہ وسلم خاص خیال رکھتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سب سے پہلے دنیا میں عورت کے ورثہ کے حق کو قائم کیا۔ چنانچہ قرآن کریم میں لڑکوں اور لڑکیوں کو باپ اور ماں کے ورثہ کا حقدار قرار دیا گیا۔ اسی طرح ماؤں اور بیویوں کو بیٹیوں اور خاوندوں کے ورثہ میں حقدار قرار دیا گیا۔ اور بعض صورتوں میں بہنوں کو بھی بھائیوں کے ورثہ کا حقدار قرار دیا گیا۔ اسلام سے پہلے دنیا کے کسی مذہب نے بھی اس طرح حقوق قائم نہیں کیے! اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورت کو اس کے مال کا مستقل مالک قرار دیا ہے خاوند کو حق نہیں کہ خاوند ہونے کی وجہ سے عورت کے مال میں دست اندازی کرسکے۔ عورت اپنے مال کے خرچ کرنے میں پوری مختار ہے۔ عورتوں سے حسن سلوک میں آپ ایسے بڑھے ہوئے تھے کہ عرب کے لوگ جو اس بات کے عادی نہ تھے ان کو یہ بات دیکھ کر ٹھوکر لگتی تھی۔ چنانچہ حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ میری بیوی بعض دفعہ میری باتوں میں دخل دیتی تو میں اس کو ڈانٹا کرتا تھا اور کہا کرتا تھا کہ عرب کے لوگوں نے کبھی عورتوں کا یہ حق تسلیم نہیں کیا کہ وہ مردوں کو ان کے کاموں میں مشورہ دیں۔ اس پر میری بیوی کہا کرتی تھیں کہ جاؤ جاؤ، محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویاں ان کو مشورہ دیتی ہیں اور آپ ان کو کبھی نہیں روکتے تو تم ایسا کیوں کہتے ہو، اس پر میں اسے کہا کرتا تھا کہ عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بہت لاڈلی ہے اس کا ذکر نہ کرو، باقی رہی تمہاری بیٹی سو اگر وہ ایسا کرتی ہے تو اپنی گستاخی کی سزا کسی دن پائے گی۔ ایک دفعہ جب کسی بات سے ناراض ہوکر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فیصلہ کرلیا کہ کچھ دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم گھر سے باہر رہیں گے اور بیویوں کے پاس نہیں جائیں گے اور مجھے اس کی خبر ملی، تو میں نے کہا دیکھو جو میں کہتا تھا وہی ہوگیا۔ میں اپنی بیٹی حفصہ رضی اللہ عنہا کے گھر میں گیا تو وہ رو رہی تھیں۔ میں نے کہا حفصہ رضی اللہ عنہا کیا ہوا، کیا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تمہیں طلاق دے دی ہے۔ انہوں نے کہا یہ تو مجھے معلوم نہیں لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی بات کی وجہ سے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ کچھ عرصہ کے لئے گھر میں نہیں آئیں گے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں، میں نے کہا حفصہ رضی اللہ عنہا میں تجھے پہلے نہیں سمجھایا کرتا تھا کہ تو عائشہ رضی اللہ عنہا کی نقلیں کرتی ہے، حالانکہ عائشہ رضی اللہ عنہا تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خاص طور پر پیاری ہے۔ دیکھ آخر تو نے وہی مصیبت سہیڑ لی جس کا مجھے خوف تھا یہ کہہ کر میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک کھردری چٹائی پر لیٹے ہوئے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے جسم پر کرتا نہ تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سینہ اور کمر پر چٹائی کے داغ لگے ہوئے تھے میں آپ کے پاس بیٹھ گیا اور کہا یا رسول اللہ یہ قیصروکسریٰ کہاں مستحق ہیں اس بات کے کہ ان کو خدا تعالیٰ کی نعمتیں ملیں مگر وہ تو کس آرام سے زندگی بسر کر رہے ہیں اور خدا کے رسول کو یہ تکلیف ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ عمرؓ یہ درست نہیں اس قسم کی زندگیاں خدا کے رسولوں کو نہیں ہوتیں یہ دنیا دار بادشاہوں کا شغل ہے۔ پھر میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سارا وہ واقعہ سنایا جو میری بیوی اور بیٹی کے ساتھ گزرا تھا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم میری باتیں سن کر ہنس پڑے اور فرمایا عمرؓ یہ بات درست نہیں کہ میں نے اپنی بیویوں کو طلاق دے دی ہے۔ میں نے تو صرف ایک مصلحت کی خاطر کچھ دنوں کے لیے اپنے گھر سے باہر رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
(بخاری کتاب النکاح باب موعظۃ الرجل انبتہ لحال زوجھا)
عورتوں کے جذبات کا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اتنا خیال تھا کہ ایک دفعہ نماز میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک بچہ کے رونے کی آواز آئی تو آپ نے نماز جلدی جلدی پڑھا کر ختم کردی پھر فرمایا ایک بچہ کے رونے کی آواز آئی تھی، میں نے کہا اس کی ماں کو کتنی تکلیف ہورہی ہوگی۔ چنانچہ میں نے نماز جلدی ختم کردی تاکہ ماں اپنے بچہ کی خبر گیری کرسکے۔
(بخاری کتاب الصلوٰۃ بعض من اخف الصلوٰة عند بکاءالصبی)
جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایسے سفر پر جاتے جس میں عورتیں بھی ساتھ ہوتیں تو ہمیشہ آہستگی سے چلنے کا حکم دیتے۔ ایک دفعہ ایسے ہی موقع پر جب کہ سپاہیوں نے اپنے گھوڑوں کی باگیں اور اونٹوں کی نکیلیں اٹھالیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ رفقاً بالقواریر ارے کیا کرتے ہو عورتیں بھی ساتھ ہیں اگر تم اس طرح اونٹ دوڑاؤگے تو شیشے چکنا چور ہوجائیں گے۔
(بخاری کتاب الادب)
ایک دفعہ جنگ کے میدان سے کسی گڑبڑ کی وجہ سے سواریاں بدک گئیں۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی گھوڑے سے گر گئے اور بعض مستورات بھی گرگئیں۔ ایک صحابی جن کا اونٹ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے تھا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو گرتے ہوئے دیکھ کر بے تاب ہوگئے اور کود کر یہ کہتے ہوئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف دوڑے ’’یارسول اللہ میں مرجاؤں اور آپ بچے رہیں‘‘۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاؤں رکاب میں اُلجھے ہوئے تھے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جلدی جلدی اپنے آپ کو آزاد کیا اور اس صحابی کی طرف متوجہ ہوکر فرمایا ’’مجھے چھوڑو اور عورتوں کی طرف جاؤ‘‘ جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کا وقت قریب آیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس وقت سب مسلمانوں کو جمع کرکے جو وصیتیں کیں ان میں ایک بات یہ بھی تھی کہ میں تم کو اپنی آخری وصیت یہ کرتا ہوں کہ عورتوں سے ہمیشہ حسن سلوک کرتے رہنا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اکثر فرمایا کرتے تھے جس کے گھر میں لڑکیاں ہوں اور وہ ان کو تعلیم دلائے اور ان کی اچھی تربیت کرے۔ خدا تعالیٰ قیامت کے دن اس پر دوزخ حرام کردے گا۔
(ترمذی جلد 2 ابواب البرّ والصلة باب ماجاء فی النفقہ علی البنات)
عربوں میں رواج تھا کہ اگر عورتوں سے کوئی غلطی ہو جاتی تو انہیں مار پیٹ لیا کرتے تھے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو جب اس کی اطلاع ملی۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ عورتیں خدا کی لونڈیاں ہیں تمہاری لونڈیاں نہیں۔ ان کو مت مارا کرو۔ مگر عورتوں کی چونکہ ابھی تک پوری تربیت نہیں ہوئی تھی، انہوں نے اس دلیل میں آکر مردوں کا مقابلہ شروع کردیا اور گھروں میں فساد ہونے لگا۔ آخر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے شکایت کی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں عورتوں کو مارنے سے روک دیا ہے اور وہ بڑی بڑی دلیریاں کرتی ہیں۔ ایسی صورت میں تو ہمیں اجازت ملنی چاہیے کہ ہم انہیں مار پیٹ لیا کریں۔ چونکہ ابھی تک عورتوں کے متعلق تفصیل سے احکام نہیں نازل ہوئے تھے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ کہ اگر کوئی عورت حد سے بڑھتی ہے، تو تم اپنے رواج کے مطابق اسے مار لیا کرو۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ بجائے اس کے کہ کسی اشد استثنائی صورت میں مرد اپنی عورتوں کو سزا دیتے، انہوں نے وہی پرانا عربی طریق جاری کرلیا۔ عورتوں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویوں کے پاس آکر شکایت کی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہؓ سے فرمایا، جو لوگ اپنی عورتوں سے اچھا سلوک نہیں کرتے یا انہیں مارتے ہیں۔ میں تمہیں بتا دیتا ہوں کہ وہ خدا کی نظر میں اچھے نہیں سمجھے جاتے۔ اس کے بعد عورتوں کے حقوق قائم ہوئے اور عورت نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مہربانی سے پہلی دفعہ آزادی سے سانس لیا۔
(ابوداؤد کتاب النکاح)
معاویہ بن ہندہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا۔ یا رسول اللہ بیوی کا حق ہم پر کیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو خدا تمہیں کھانے کےلئے دے وہ اسے کھلاؤ۔ اور جو خدا تمہیں پہننے کے لئے وہ اسے پہناؤ۔ اور اس کو تھپڑ نہ مارو اور گالیاں نہ دو اور اسے گھر سے نہ نکالو۔
(ابوداؤد)
آپ کو عورتوں کے جذبات کا اسقدر احساس تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیشہ نصیحت فرماتے تھے کہ جو لوگ باہر سفر کے لیے جاتے ہیں انہیں جلدی گھر واپس آنا چاہیے تاکہ ان کے بال بچوں کو تکلیف نہ ہو۔ چنانچہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب کوئی شخص اپنی ضرورتوں کو پورا کرلے جس کے لیے اسے سفر کرنا پڑا تھا تو اسے چاہیے اپنے رشتہ داروں کا خیال کر کے جلدی واپس آئے۔
(بخاری و مسلم)
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اپنا طریق یہ تھا۔ کہ جب سفر سے واپس آتے تھے تو دن کے وقت شہر میں داخل ہوتے تھے۔ اگر رات آجاتی تھی، تو شہر کے باہر ہی ڈیرہ ڈال دیتے تھے اور صبح کے وقت شہر میں داخل ہوتے تھے اور ہمیشہ اپنے اصحابؓ کو منع فرماتے تھے کہ اس طرح اچانک گھر میں آکر اپنے اہل و عیال کو تنگ نہیں کرنا چاہیے۔
(بخاری و مسلم)
اس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے مدِّنظر یہ حکمت تھی کہ عورت اور مرد کے تعلقات جذباتی ہوتے ہیں مرد کی غیر حاضری میں اگر عورت نے اپنے لباس اور جسم کی صفائی کا پورا خیال نہ رکھا ہو اور خاوند اچانک گھر میں آپ داخل ہو تو ڈر ہوتا ہے کہ وہ محبت کے جذبات جو عورت کے درمیان ہوتے ہیں ان کو کوئی ٹھیس نہ لگ جائے۔ پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہدایت فرما دی کہ انسان جب بھی سفر سے واپس آئے۔ دن کے وقت گھر میں داخل ہو۔ اور بیوی بچوں کو پہلے خبر دے کر داخل ہو تاکہ وہ اس کے استقبال کے لیے پوری طرح تیاری کرلیں۔


