درس القرآن
اِنَّ اللّٰهَ اصْطَفٰٓی اٰدَمَ وَ نُوْحًا وَّ اٰلَ اِبْرٰهِيْمَ وَ اٰلَ عِمْرٰنَ عَلَی الْعٰلَمِيْنَۙ۰۰۳۴ذُرِّيَّةًۢ بَعْضُهَا مِنْۢ بَعْضٍ وَ اللّٰهُ سَمِيْعٌ عَلِيْمٌ۳۵اِذْ قَالَتِ امْرَاَتُ عِمْرٰنَ رَبِّ اِنِّيْ نَذَرْتُ لَكَ مَا فِيْ بَطْنِيْ مُحَرَّرًا فَتَقَبَّلْ مِنِّيْ١ۚ اِنَّكَ اَنْتَ السَّمِيْعُ الْعَلِيْمُ۳۶فَلَمَّا وَضَعَتْهَا قَالَتْ رَبِّ اِنِّيْ وَضَعْتُهَآ اُنْثٰی وَ اللّٰهُ اَعْلَمُ بِمَا وَضَعَتْ وَ لَيْسَ الذَّكَرُ كَالْاُنْثٰی١ۚ وَ اِنِّيْ سَمَّيْتُهَا مَرْيَمَ وَ اِنِّيْٓ اُعِيْذُهَا بِكَ وَ ذُرِّيَّتَهَا مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ۳۷(سورة اٰل عمران آیت34 تا 37)
ترجمہ
یقیناً اللہ نے آدم اور نوح اور آلِ ابراہیم اور آلِ عمران کو سب جہانوں کے مقابل پر چُن لیا۔ ان میں سے بعض بعض کی ذُرّیت میں سے ہیں اور اللہ بہت سننے والا (اور) دائمی علم رکھنے والا ہے۔ جب عمران کی ایک عورت نے کہا اے میرے ربّ! جو کچھ بھی میرے پیٹ میں ہے یقیناً وہ میں نے تیری نذر کردیا (دنیا کے جھمیلوں سے) آزاد کرتے ہوئے۔ پس تُو مجھ سے قبول کر لے۔ یقیناً تُو ہی بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔ پس جب اُس نے اُسے جنم دیا تو اس نے کہا اے میرے ربّ! میں نے تو بچی کو جنم دیا ہے۔ جبکہ اللہ زیادہ بہتر جانتا ہے کہ اس نے کس چیز کو جنم دیا تھا۔ اور نر مادہ کی طرح نہیں ہوتا۔ اور (اس عمران کی عورت نے کہا) یقیناً میں نے اس کا نام مریم رکھا ہے، اور میں اسے اور اس کی نسل کو راندہء درگاہ شیطان سے تیری پناہ میں دیتی ہوں۔
جب عمران کی عورت نے اپنے ہاں پیدا ہونے والی بچی (حضرت مریم) کے بارہ میں کہا کہ یہ تو لڑکی ہے حالانکہ میں نے خداتعالیٰ سے لڑکا مانگا تھا تو اللہ تعالیٰ جواباً فرماتا ہے کہ اللہ خوب جانتا ہے کہ لڑکا اور لڑکی الگ الگ ہوتے ہیں مگر یہ بچی جو تمہیں عطا کی گئی ہے یہ عام لڑکیوں کی طرح نہیں بلکہ اس میں اللہ تعالیٰ نے یہ صلاحیت رکھ دی ہے کہ بغیر ازدواجی تعلقات کے اس کا بچہ ہوسکتا ہے۔
تفسیر
اِنَّ اللّٰهَ اصْطَفٰٓی اٰدَمَ: اللہ تعالیٰ نے آدم زاد کو تمام مخلوقات پر برگزیدہ کیا اور یہ ظاہر ہے کہ ایک عالمِ کبیر ہے تو آدم عالمِ صغیر، تمام اشیاء کا جامع ہے۔ پھر آدمیوں میں نے نوحؑ کو اوّل الرسل بنایا۔ آدمؑ کو خدا نے رسول نہیں فرمایا بلکہ خلیفہ کہا۔ اوّل الرسل نوحؑ ہی ہیں۔ آپ نے اپنی قوم کو ترکِ بدی کی تعلیم دی اور استغفار سکھایا۔ پھر جب دوسرا دَور آیا تو ابراہیمؑ کو رسالت سے ممتاز کیا جنہوں نے تنزیہہ کے علاوہ فرمانبرداری کی تاکید کی اور اِنَّ صَلَاتِيْ وَ نُسُكِيْ وَ مَحْيَايَ وَ مَمَاتِيْ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ کا سبق دیا۔ پھر حضرت موسیٰؑ کا زمانہ آیا۔ ان کی قوم کو اللہ تعالیٰ نے نبوت بھی دی۔ غرض تمام انعامات سے بھرپور کردیا اور یہ نہ سمجھو کہ ان میں خاص خاص لوگ ہی تھے بلکہ عمران کی عورتوں کو بھی مشرَّف بکلامِ الٰہی کیا۔ چنانچہ عمران کی ایک عورت کا ذکر کرتا ہے۔
بعض لوگوں نے اعتراض کیا ہے کہ مریمؑ کی والدہ عمران کی بیوی نہ تھی۔ یہ غلط ہے۔ یہودیوں، عیسائیوں میں بزرگوں کے نام پر قوم چلتی ہے۔ موسیٰؑ اور ہارونؑ عمران کے بیٹے تھے۔ پس انہی کی نسل میں سے ایک عورت تھی جس کا یہ ذکر ملتا ہے۔
امْرَاَتُ عِمْرٰنَ:عمرانیوں کی ایک عورت نے۔ عمران خاوند اور اس کی بی بی مراد نہیں۔
مُحَرَّرًا: اَب تک ہندوؤں میں اور بعض مسلمانوں میں یہ رسم ہے کہ اگر کسی کی اولاد زندہ نہ رہے تو وہ چڑہاوا چڑھا دیتا ہے۔ گویا اِس پاک رسم کی اصل موجود ہے۔ وہ کسی خانقاہ کے نام پر تو نہ تھی۔ البتہ فرمایا کہ یااللہ مَیں نے اپنے کام سے آزاد کردیا۔ دین کے لئے وقف کردیا۔
وَضَعْتُهَآ اُنْثٰی: یہ اِس لئے کہا کہ لڑکی کا رواج نہ تھا۔
لَيْسَ الذَّكَرُ كَالْاُنْثٰی: اگر یہ خدا کا کلام ہے تو پیشگوئی ہے کہ یہ لڑکی معمولی عورتوں سے بہت اچھی ہوگی۔ اگر اس میں عورت کا کلام ہے تو معنی ظاہر ہیں۔
لَيْسَ الذَّكَرُ كَالْاُنْثٰی: اللہ نے فرمایا کہ لڑکا اس لڑکی جیسا نہ ہوتا۔
اِنِّيْٓ اُعِيْذُهَا بِكَ: کیا اچھا ہوکہ مسلمان اِس ہدایت پر عمل کریں اور صُحبت سے پہلے بہت بہت دعائیں کرلیا کریں کہ ان کی اولادنیک ہو۔
(حقائق الفرقان جلد اوّل صفحہ نمبر 464 تا


