غزل ۔ ۔ ۔ طاہرہ زرتشت ناز
شاعرہ: طاہرہ زرتشت ناز
بادلوں میں وہ مرا چاند چھپا رہتا ہے
اِک ستارہ مری پلکوں پہ دھرا رہتا ہے
ان ہواؤں میں کوئی زہر گُھلا رہتا ہے
اَس کا دیپ مگر دل میں جَلا رہتا ہے
موسمِ گُل ہے جو کانٹوں سے سجا رہتا ہے
کوئی موسم ہو مرا زخم ہرا رہتا ہے
نہیں آسان یہ جنگل کی، اندھیری راہیں
اِک دیا ہے، جو سرِ شام جَلا رہتا ہے
کھو گئے جانے کہاں شہر کے رنگیں موسم
اِک ترا غم ہے جو اب دل میں بسا رہتا ہے
دَرو دیوار پہ ہیں نقش فسانے تیرے
کوئی محفل ہو سجی، ذکر ترا رہتا ہے
کام آتا نہیں کوئی بھی کڑے وقتوں میں
دَر خدا کا ہے، جو ہر وقت کُھلا رہتا ہے
ٹل نہیں سکتا بُرا وقت جو تقدیر میں ہے
ہوکے پورا بھی تو قسمت کا لکھا رہتا ہے
کِس کو کھو دینے کے اندیشے ڈراتے ہیں تجھے
ناز! کیا خوف ہے جو دل کو لگا رہتا ہے


