//نیا سال (2020ء)مبارک ہو !

نیا سال (2020ء)مبارک ہو !

دسمبر نومبراکتوبر…مارچ فروری جنوری…دیکھا جائے تو الٹی گنتی ہے گویا مہینوں ہندسوں کا الٹ پھیر…دن ،ہفتے مہینے ،سال ایک ایک کر کے وقت اورعمر کو کم کرتے جاتے ہیں اور آخر پر جب انسان اپنے ماضی پر ایک نظر ڈالتا ہے تو ذہن میں عمر کےپچاس یا ستر سال ایک یا آدھے منٹ کی وڈیو کی طرح چلتے ہیں اور بس… یہی ایک آدھ منٹ حاصلِ عمر ٹھہرتا ہے۔

حقیقت تو یہ ہے کہ جو لمحہ جو وقت گزر جاتا ہے کبھی لوٹ کر نہیں آتا…جو گزر گیا سو گزر گیا اسی لئے تو کہا جاتا ہے کہ اپنے کل سے سبق لے کر اپنے آج کو بہتر سے بہترین بناتے چلے جانا چاہئے…گزرے ہوئے کل یا آنے والے کل کی فکر اور پریشانی میں ذہن کو الجھائے رکھنے کی بجائے جو لمحہ موجود ہے اسکو بھر پور جینے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اس سے پہلے کہ ایک ایک دن کر کے وقت کی ریت مٹھی سے پھسلتی رہے اور آخر پر ہم ہاتھ خالی رہ جائیں۔

سو دوستو ! اپنی بھر پور رعنائیوں خوبصورتیوں کو ہمارےذہن کے پردوں پر ثبت کرتا ہوا ایک اور سال گزر گیا…

یہ دستورِ زمانہ ہے کہ جاتے ہوؤں کو ہاتھ ہلا کر الوداع کرنے کے ساتھ ساتھ نئے آنے والے کا استقبال پرجوش اور والہانہ انداز میں کیا جاتا ہے سو اس نئے آنے والے سال کو خوش دلی سے خوش آمدید کہئیے… نئے خواب بُنئے جوش و ولولے کو تازہ کرتے ہوئےعہد نو کیجئے اور جو کام آپ سالِ گذشتہ میں مکمل نہ کر سکے اس سال ان مقاصد کی تکمیل کو اپنا مقصد بنا لیجئے۔

زندگی بہت انمول ہے اسے مثبت رنگ میں بسر کیجئے….

خوش رہیے اور اپنے سب پیاروں کو خوش رکھیے….

نہ کوئی رنج کا لمحہ کسی کے پاس آئے

خدا کرے کہ نیا سال سب کو راس آئے

نئے سال کے آغاز پر آپکا اپنا پسندیدہ رسالہ خواتین ڈائجسٹ آپ کےہاتھوں میں ہے۔آبگینے کی پوری ٹیم کی جانب سے آپ سب کو نئے سال کی بہت بہت مبارکباد اور نیک تمنائیں۔ اللہ کرے یہ سال اور آنے والا ہر سال آپ سب کے لئے خوشیوں اور کامرانیوں کی نوید لے کر آئےآمین

آبگینے ٹیم کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے اللہ کرے آبگینے کے توسط سے ہمارا اور آپکا یہ ساتھ مزید مضبوط ہوتا چلا جائے آمین

حمیرا نگہت