//منفرد ذائقہ سے بھرپور میکسیکن اور کونٹینینٹل کھانے

منفرد ذائقہ سے بھرپور میکسیکن اور کونٹینینٹل کھانے

۔ سٹرس بیکڈ فش

درکار اجزاء:مچھلی۔ ایک کلو گرام، سرکہ۔ دو کھانے کے چمچ،اورنج جوس۔ 1/4کپ،لیمن جوس۔ 1/4کپ،کارن فلور۔ ایک پیالی،لہسن۔ ایک کھانے کا چمچ(پسا ہوا)،ادرک۔ کھانے کا چمچ(پسی ہوئی)، اجوائن۔ چار دانے(پیس لیں)،نمک۔ چائے کا چمچ،کالی مرچ۔ چائے کا چمچ،پانی۔ دو بڑے چمچ،آلو۔ ایک (ابلا ہوا)،مٹر پیالی۔(ابلے ہوئے)،سلاد۔ چار پتے (کاٹ لیں)،ہری مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ(پیس لیں)

ترکیب:مچھلی اُبال کر کانٹے نکال دیں۔مکھن گرم کر کے لہسن، پیاز، ادرک بھون لیں۔ پھر اس آمیزے میں مچھلی ملا دیں۔ سرکہ، اجوائن، لیمن جوس، اورنج جوس،نمک اور کالی مرچ بھی شامل کر دیں۔ کارن فلور میں پانی ملا کر آمیزہ تیار کر یں۔ مچھلی بیکنگ ڈش میں رکھ کر اس کے چاروں طرف کارن فلور کا آمیزہ لگا دیں اور اوون میں رکھ دیں۔ سرخ ہو جائے تو نکال کر ڈش میں رکھیں اور چاروں طرف آلو، مٹر، سلاد رکھ دیں۔ چلی سوس کے ساتھ پیش کریں۔

میکسیکن رائس ود چیز پیٹیز

درکار اجزاء:چاول۔ ڈھائی کپ،تیل۔ دو کھانے کے چمچ،ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ، گاجر۔ ایک عدد (باریک کٹی ہوئی)، شملہ مرچ۔ دو عدد (باریک کٹی ہوئی)، لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (کُٹی ہوئی)، ہری مرچ۔ چار عدد (کچلی ہوئی)، نمک۔ حسبِ ذائقہ

چیز پیٹیزکے لیے:آلو۔ دو عدد (اُبلے ہوئے)،کاٹیج چیز۔ دو پیکٹ، میدہ۔ ایک کھانے کا چمچ، نمک۔ حسبِ ذائقہ، لال مرچ۔ حسبِ ذائقہ، ہری مرچ۔ چھ عدد (کچلی ہوئی)، کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (کُٹی ہوئی)، انڈے کی سفیدی۔ دو عدد، ہرا دھنیا۔ ایک گٹھی (باریک کٹا ہوا)، تیل۔ تلنے کے لیے

گریوی کے لیے:تیل۔ ایک چائے کا چمچ، ٹماٹر کا پیسٹ۔ تین کھانے کے چمچ، پیاز۔ ایک عدد (کچی پسی ہوئی)، لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (کُٹی ہوئی)، نمک۔ حسب ِذائقہ، اجوائن۔ ایک چٹکی، براؤن شوگر۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب:چاول دو کنی اُبالیں اور پانی نتھار کر دم پر لگا دیں۔ پھر کڑاہی میں تیل گرم کرکے ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔اس کے بعد گاجر اور شملہ مرچ ڈال کرہلکا سا بھون لیں۔ لال مرچ اور ہری مرچ ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔ پھر چاول اور نمک ڈال کر اسٹر فرائی کریں اور کڑاہی میں رہنے دیں۔ اب آلوؤں میں کاٹیج چیز میش کرکے ملائیں۔ میدہ، نمک، لال مرچ، ہری مرچ، ہرا دھنیااور کالی مرچ ڈال کر مکس کریں۔

اب اس کے گول گول کباب بنائیں اور انڈے کی سفیدی میں ڈپ کرکے تیل میں ڈیپ فرائی کریں اور گولڈن براؤن کرکے نکال لیں۔گریوی کے لئے دوسری کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس میں ٹماٹر کا پیسٹ ڈال دیں۔ساتھ ہی پیاز، لال مرچ، نمک، اجوائن اور براؤن شوگر ڈال کر ہلکا سا بھونیں اور اتار لیں۔اب ایک بڑی اور پھیلی ہوئی بیکنگ ڈش میں ذراسی چکنائی لگاکر چاول ڈالیں پھر تلے ہوئے چیز پیٹیز رکھیں۔ اس کے بعد اوپر ٹماٹو گریوی ڈال کر پانچ سے دس منٹ تک بیک کر لیں۔ گرم گرم پیش کریں۔

میکسیکن پوٹیٹوز

درکار اجزاء:آلو۔ آدھا کلو، پیاز۔ ایک عدد،زیتون۔ چھ عدد،لال یا ہری مرچ۔ چھ عدد،لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ پسی ہوئی،زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ، پیپریکا۔ آدھا چائے کا چمچ، نمک۔ آدھا چائے کا چمچ،دار چینی۔ آدھا چائے کا چمچ پسی ہوئی،لہسن۔ دو چائے کا چمچ،تیل۔ چار کھانے کے چمچ

ترکیب:چوکور کٹے آلو گرم پانی میں پانچ منٹ اُبال لیں۔ اب تیل گرم کرکے اس میں پیاز اور لہسن دو منٹ پکالیں۔ پھر پسی لال مرچ، زیرہ، پیپریکا، نمک اور پسی دار چینی شامل کر دیں۔ اس کے بعد آلو ڈال کر دس منٹ پکائیں۔ آخر میں لال یا ہری مرچ اور زیتون شامل کرکے چولہا بند کردیں۔میکسیکن پوٹیٹوز پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔

میکسیکن پائی

درکار اجزاء:بون لیس چکن۔ 150گرام (چھوٹی کٹی ہوئی)،بڑا ٹماٹر۔ ایک عدد(کٹا ہوا)،پیاز(کٹا ہوا)۔1 کپ،شملہ مرچ۔1 کپ،مکئی کے دانے(پکے ہوئے)۔1 کپ،لہسن کی پوتھی (پسی ہوئی)۔ ایک عدد،چلی پاؤڈر۔ 1چائے کا چمچ، زیرہ پاؤڈر۔1 چائے کا چمچ، نمک۔ حسبِ ذائقہ کے لئے،تیل۔ دو چائے کے چمچ، پنیر۔1 کپ (چھوٹی چھوٹی کٹی ہوئی)

کرسٹ بنانے کے لئے :مکئی کا آٹا۔1 کپ،چکن اسٹاک۔1 عدد، زیرہ پاؤڈر۔ چٹکی بھر،چلی پاؤڈر۔ چٹکی بھر

ترکیب:ایک برتن میں تیل گرم کر یں اور اس میں بون لیس چکن ڈال کر درمیانی آنچ پر ہلاتے ہوئے پانچ منٹ تک ایسے پکائیں کہ وہ ہر طرف سے براؤن ہو جائے۔ پھر پنیر کے سوا باقی تمام اجزاء ڈال دیں اور آنچ ہلکی کر کے پانچ منٹ تک پکا ئیں۔ ایک بیکنگ ڈش لےکر اُس پر ہلکا سا تیل لگائیں پھر چکن مکسچر کو اس میں ڈال کر اُوپر پنیر ڈال دیں۔ ساتھ ہی سٹاک کو سوس پین میں اُبالیں، یاد رہے کہ اس میں چربی بالکل نہ ہو۔ اس میں مکئی کا آٹا، زیرہ پاؤڈر اور چلی پاؤڈر شامل کر یں۔

ہلکی آنچ پر مسلسل ہلاتے ہوئے اتنا پکائیں کہ سارا آمیزہ گاڑھا ہو جائے، تقریباََ تین منٹ تک پکائیں۔ پھر اس آمیزہ کو فوراً بیکنگ ڈش میں پنیر کے اُوپر ڈال دیں۔پھر اس کو اچھی طرح مکس کر لیں۔ آخر میں ڈش اوون میں رکھ کر 200سنٹی گریڈ یا 400فارن ہائیٹ پر 20سے25منٹ یا اس وقت تک بیک کر یں کہ بیرونی آمیزہ گولڈن براؤن اور اندونی اجزاء اچھے سے پک جائیں۔ تیار ہونے پرگرم گرم میکسیکن پائی پیش کریں۔

میکسیکن ڈرائی میٹ

درکار اجزاء:گوشت۔ 1/2کلو،سویا سوس۔ 1چائے کا چمچ،ووسٹر شائر سوس۔ 1چائے کا چمچ،چلی پیسٹ۔ 1کھانے کا چمچ،پیپریکا پاؤڈر۔ 1چائے کا چمچ،کالی مرچ پاؤڈر۔ 1چائے کا چمچ،ٹماٹر۔ 1عدد،پودینہ۔ گارنشنگ کیلئے،نمک۔حسبِ ذائقہ،تیل۔ 3/4 کپ۔

ترکیب:بڑے پیالے میں گوشت، سویا سوس،ووسٹر شائر سوس،چلائی پیسٹ، نمک، پیپریکا پاؤڈر اور کالی مرچ پاؤڈر ڈال کر مکس کر کے 1سے 2گھنٹے کیلئے فریج میں میرینیٹ ہونے کیلئے رکھ دیں۔ ٹماٹر کے چار ٹکڑے کر لیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کر کے ٹماٹر کے ٹکڑوں کو ہلکا سا فرائی کر کے پلیٹ میں نکال لیں۔

اسی تیل میں میرینیٹ شدہ گوشت ڈال کر فرائی کریں۔ آدھا کپ پانی ڈال کر درمیانی آنچ پر ڈھک کر پکائیں۔ گوشت گل جائے تو بھون کر سرونگ ڈش میں نکال لیں۔ فرائی کیے ہوئے ٹماٹر اور پودینے سے گارنش کر کے اُبلے ہوئے چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔

اسپائسی چکن قادسیلہ

درکار اجزاء:چکن۔ 1/2 کلو،پیاز۔ 4 ٹکڑے،بینگن۔ 4 ٹکڑے،پنیر۔ 1/2 کپ،پانی۔ 1/4 کپ،ٹور ٹیلا۔ 8 عدد،ہرا دھنیا۔ 2 چائے کے چمچ،ہری مرچ۔ 5 عدد،لائم جوس۔ 1چائے کا چمچ،تیل۔ 1چائے کا چمچ۔

ترکیب:بلینڈر میں لائم جوس، ہرا دھنیا، ہری مرچ، اور پانی ڈال کر بلینڈ کر لیں۔ایک پیالے میں چکن ڈال کر اس مسالے کو ڈالیں اور مکس کریں۔ پھر اسے 4-5 گھنٹے تک میرینیٹ کرنے کیلئے رکھ دیں۔ چولہے پر گرل گرم کر لیں اور ہر پیس کو ایک طرف سے 3-4منٹ سینک لیں۔ اب بینگن اور پیاز کو بھی تیل لگا کر نرم ہونے تک سینک لیں۔

ایک ڈش میں چار ٹورٹیلا رکھیں اور ہر ایک پر چکن، پنیر، اور پیاز، بینگن رکھیں۔باقی چار ٹورٹیلا کو اوپر کھ دیں اور ان چکن ٹورٹیلا سینڈ وچ کو دونوں طرف سے اتنا گرل کریں کہ ٹورٹیلا نہ جلے لیکن پنیر پگھل جائے۔ کریم اور مایونیز کے ساتھ پیش کریں۔

میکسیکن چلی پیزا

درکار اجزاء:میدہ۔ آٹھ اونس،انڈہ۔ ایک عدد،چینی۔ ایک چائے کا چمچ،نمک۔ آدھا چائے کا چمچ،تیل۔ دو کھانے کے چمچ،خشک دودھ۔ دو کھانے کے چمچ،خمیر۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

فلنگ کے لیے:بھنا ہوا قیمہ۔ ایک کپ،کٹی شملہ مرچ۔ ایک عدد،کٹا ٹماٹر۔ ایک عدد،سوئیٹ کارن۔ آدھا کپ،چیڈر چیز (کدوکش)۔ ایک تہائی کپ، موزریلا چیز (کدوکش)۔ ایک تہائی کپ، کُٹی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ،اوریگانو لیوز۔ ایک چائے کا چمچ،کٹے زیتون۔ دو کھانے کے چمچ،کٹے مشروم۔ دو کھانے کے چمچ، کٹی پیاز۔ تین کھانے کے چمچ،پیزا سوس۔ تین کھانے کے چمچ۔

پیزا سوس کے لیے:بلینڈ کیے ہوئے ٹماٹر۔ چار عدد،ٹماٹر کا پیسٹ۔ آدھا کپ،کُٹا ہوا لہسن۔ ایک چائے کا چمچ،کُٹی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ،اوریگانو لیوز۔ آدھا چائے کا چمچ،نمک۔ آدھا چائے کا چمچ،تیل۔ دو کھانے کے چمچ،اورنج ریڈ کلر۔ ایک چٹکی۔

ترکیب:ایک پیالے میں میدہ، خمیر، چینی، تیل، نمک، خشک دودھ اور انڈہ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ پھر اسے حسب ضرورت نیم گرم پانی کے ساتھ نرم گوندھ لیں۔ پھر میدہ کو پھولنے کے لیے گرم جگہ پر تیس منٹ کے لیے رکھ دیں۔ پھر اسے گریس کیے ہوئے پین میں ڈالیں اور مزید پھولنے کے لیے ایک گھنٹہ چھوڑ دیں۔ اوون کو دو سو ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم کریں۔ڈو کو دس انچ کی پیزا پلیٹ پر پھیلا دیں۔

اب اس پر برش سے پیزا سوس لگائیں۔ پھر کدو کش کی ہوئی چیڈر چیز ڈال دیں۔ اب قیمہ، باریک کٹی پیاز، کٹا ٹماٹر، شملہ مرچ، کدوکش کی ہوئی موزریلا چیز، کُٹی لال مرچ، اوریگانو اور چیڈر چیز ڈال کر پھیلا دیں۔ اسے ڈھک کر مزید تیس منٹ تک پھولنے دیں۔آخر میں اسے پہلے سے گرم اوون میں بیس منٹ بیک کر لیں۔

پیزا سوس بنانے کے لیے ایک برتن میں تیل گرم کریں۔ اس میں کُٹا ہوا لہسن ڈال کر گولڈن فرائی کریں۔ اب بلینڈ کیے ہوئے ٹماٹر اور ٹماٹر کا پیسٹ ڈال کر اُبال آجانے تک پکائیں۔ پھر کُٹی لال مرچ، اوریگانو لیوز، نمک اور اورنج ریڈ کلر ڈال کر گاڑھا ہو جانے تک پکا لیں۔